دبئی کی میٹرو بنےگی آرٹ گیلری

،تصویر کا ذریعہSHEIKH MOHAMMED AE
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حکمران کی خواہش پر میٹرو ریل کے نظام کو آرٹ گیلری کی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دبئی کے شیخ محمد بن راشد المکتوم چاہتے ہیں کہ اس ٹرین میں ’اپنے کام پر جانے والا ہر ملازم، حصولِ علم کے لیے جانے والا ہر طالب ِعلم اور دبئی کی سیر کے لیے آنے والا ہر سیاح اس سے متاثر ہو اور ایک رابطہ قائم کرے۔‘
اس کام کے لیے ابتدائی طور پر چار سٹیشنوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ان میں سے ایک سٹیشن کو اسلامی آرٹ اور عربی خطاطی کے نمونوں سے سجایا جائے گا اور اس کے لیے اسلام کی 1400 سالہ تاریخ سے مدد لی جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہSHEIKHMOHAMMED.AE
اس منصوبے کے تحت صرف سٹیشنوں کی تزئین و آرائش ہی نہیں ہوگی بلکہ ڈرائیوروں کے بغیر چلنے والی ریل گاڑیوں کو بھی اندر اور باہر سے فنِ مصوری کے نمونوں سے سجایا جائے گا۔
دبئی کے مقامی اخبار امارات 247 کی ویب سائٹ کے مطابق اس سلسلے میں تعمیراتی کام آئندہ چند ہفتوں میں شروع کر دیا جائے گا۔
اخبار کے مطابق اس منصوبے کو آئندہ برس قومی آرٹس فیسٹیول کے انعقاد سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔
دبئی میں میٹرو ریل نظام کا افتتاح پانچ برس قبل ہوا تھا اور گلف نیوز کے مطابق روزانہ پانچ لاکھ افراد اس پر سفر کرتے ہیں جن میں سے بیشتر عجائب گھر کی شکل دیے گئے ان چار سٹیشنوں میں سے ایک سے گزریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







