یو اے ای میں پاکستانی شہری کو موت کی سزا

متحدہ عرب امارت میں مجرموں کو پھانسی پر لٹکانے کے واقعات انتہائی کم ہیں
،تصویر کا کیپشنمتحدہ عرب امارت میں مجرموں کو پھانسی پر لٹکانے کے واقعات انتہائی کم ہیں

متحدہ عرب امارت میں ایک عدالت نے ایک پاکستانی شہری کو ملک میں چار کلو گرام ہیروئن سمگل کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس تیس سالہ پاکستانی شہری کا نام ظاہر نہیں کیاگیا ہے۔

متحدہ عرب امارت کے ذرائع ابلاغ میں اس پاکستانی شخص کو ’ڈبلیو اے‘ کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس شخص کو ایک خفیہ آپریشن میں گرفتار کیاگیا ہے۔ خفیہ پولیس کے ایک اہلکار نے اپنے آپ کو گاہک ظاہر کر کے ایک لاکھ درہم کے عوض تمام منشیات کو خریدنے کی پیشکش کی۔

گلف نیوز کے مطابق اس شخص کو منشیات رکھنے اور منشیات لانے کے الزام میں موت کی سزا دی گئی ہے۔

عدالت کو بتایاگیا کہ اس پاکستانی شہری نے جسم پر پٹیاں باندھ کر ہیروئن سمگل کی۔

پاکستانی شہری اپنی سزا کو پندرہ روز کے اندر چیلنج کر سکتا ہے۔

متحدہ عرب امارت میں مجرموں کو پھانسی پر لٹکانے کے واقعات انتہائی کم ہیں اور اکثر اوقات موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔