امریکی جنرل کو شراب لے ڈوبی: نوکری سے برطرف

جنرل کیرے دو سٹار جنرل تھے اور امریکہ میں تین فضائی اڈوں پر بین البراعظمی میزائلوں کی دیکھ بھال کے ذمہ دار تھے
،تصویر کا کیپشنجنرل کیرے دو سٹار جنرل تھے اور امریکہ میں تین فضائی اڈوں پر بین البراعظمی میزائلوں کی دیکھ بھال کے ذمہ دار تھے

تین مختلف امریکی اڈوں پر طویل فاصلے تک مار کرنے والےجوہری میزائلوں کے انچارج ایک امریکی جرنل کو کچھ عرصہ قبل نوکری سےاس لیے برطرف کیا گیا تھا کہ جولائی میں روس کے سرکاری دورے میں ان کا رویہ ایک’شریف انسان کے شایانِ شان نہیں‘ تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق میجر جنرل مائیکل کیرے نے اس دورے میں بے پناہ شراب پی اور ایسی خواتین سے ملے جو مشتبہ تھیں۔ جب ان سے پوچھ گچھ کی گئی تو یا تو انھیں اہم واقعات یاد ہی نہیں تھے یا انھوں نے سچ نہیں بولا۔

امریکی جنرل کی برطرفی نیوی کے اس ایڈمرل کی برطرفی کے چند دن بعد کی گئی ہے جنھیں غیرقانونی طور پر جُوا کھیلنے کی پاداش میں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ نیوی کے امیر البحر بھی جوہری امور کے نگران تھے۔

اعلیٰ سطح کی ان برطرفیوں سے قبل امریکی فوج کےجوہری ادارے کو کئی اور واقعات سے بھی سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اگست کے مہینے میں مالسٹروم میں فضائیہ کے ہوائی اڈے پر واقع جوہری میزائلوں کے یونٹ میں سکیورٹی کا معائنہ ناکام ہونے کے بعد سکیورٹی سے وابستہ ایک سینیئر افسر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مئی میں شمالی ڈیکوٹا میں ایک فضائی اڈے پر حفاظتی ضابطوں کی خلاف ورزی پر جوہری میزائلوں کے انچارج سترہ افسران کو ہٹائے جانے کی خبریں آئی تھیں۔

جنرل کیرے دو سٹار جنرل تھے اور امریکہ میں تین فضائی اڈوں پر بین البراعظمی میزائلوں کی دیکھ بھال کے ذمہ دار تھے۔ وہ چار سو پچاس میزائلوں پر نگران تھے۔

فضائیہ کے انسپکٹر جنرل کی اندرونی رپورٹ جنرل مائیکل کیرے اور جوہری سکیورٹی کی تربیتی مشقوں سے مسنلک امریکی وفد کے اراکین کے انٹرویووں پر مبنی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنرل کیرے کا رویہ نامناسب اور ناموزوں تھا خصوصا جب وہ غیر ملکی خواتین سے ملے جبکہ انھیں علم بھی تھا کہ یہ خواتین مشتبہ تھیں۔ نہ صرف امریکی جنرل نے ان سے ملاقات کی بلکہ اگلے روز ان میں سے ایک کے ساتھ ڈانس بھی کیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی جنرل نہ صرف اپنے روسی میزبانوں سے گفتگو کے دوران بدتمیزی سے پیش آئے بلکہ خود اپنے وفد کے اراکین کے ساتھ بھی ان کا برتاؤ اچھا نہیں تھا۔