روس میں مسافر طیارہ تباہ، 50 افراد ہلاک

یہ طیارہ اترتے وقت رن وے سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا
،تصویر کا کیپشنیہ طیارہ اترتے وقت رن وے سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا

روسی حکام کے مطابق ایک مسافر طیارہ روسی شہر قاذان کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے گر کر تباہ گیا ہے جس کے نتیجے میں طیارے پر سوار پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کا 737 طیارہ ماسکو سے پرواز کر کے قاذان پہنچنے والا تھا کہ رن وے سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔

روسی کی ہنگامی امور کی وزارت کے مطابق طیارے پر عملے کے چھ افراد اور چوالیس عام شہری سوار تھے۔

روسی حکام کے مطابق یہ جہاز تاترستان ائرلائن کا تھا اور مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے تباہ ہوا۔

روسی ویب سائٹس پر شائع ہونے والی مسافروں کی فہرست کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں روسی ریاست تاترستان کے صدر کے بیٹے اریک مینخانوف بھی شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

مسافروں کے لواحقین ہوائی اڈے کے باہر آویزاں ایک فہرست پر اپنے پیاروں کے نام تلاش کر رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنمسافروں کے لواحقین ہوائی اڈے کے باہر آویزاں ایک فہرست پر اپنے پیاروں کے نام تلاش کر رہے ہیں

روسی خبر رسان ایجنسی انٹرفیکس نے خبر دی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق صدر نے اس واقعے پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔

صدارتی ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے گا مگر اب تک اس حادثے کی فوری وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے تباہ ہونے سے قبل دو بار اترنے کی کوشش کی اور تیسری بار اترتے ہوئے تباہ ہو گیا۔

اس واقعے کے بعد سے تاترستان کے دارالحکومت قاذان کے ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے ڈینئیل سینفورڈ نے ماسکو سے اطلاع دی ہے کہ اب روس کی بڑی ہوائی کمپنیوں کی ساکھ حفاظت کے نقطۂ نظر سے بہت اچھی ہے تاہم چھوٹی کمپنیوں کی وجہ سے ملک کا حفاظتی ریکارڈ دنیا میں بہت خراب ہے۔