لیبیا:ڈاکوؤں نے بینک کی گاڑی سے 54 ملین ڈالر لُوٹ لیے

لیبیا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح افراد نے ملک کے مرکزی بینک کے لیے ملکی و غیر ملکی کرنسی لے جانے والی وین پر حملہ کر کے اس سے پانچ کروڑ چالیس لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم چرا لی ہے۔
اس رقم کو دارالحکومت طرابلس سے ہوائی جہاز کے ذریعے تقربیاً پانچ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر سیرت لایا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ویگن جب ایئرپورٹ سے شہر میں داخل ہو رہی تھی تو دس افراد نے اسے روک لیا اور رقم لُوٹ لی۔
سیرت کے کونسل کے سربراہ عبدالفتح محمد نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ’یہ ڈکیتی پورے لیبیا کے لیے تباہی ہے۔‘
لیبیا میں سنہ 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد سے لاقانونیت کا راج ہے جبکہ لیبیا کی حکومت ملک میں اپنی مکمل عملداری قائم کرنے کے لیے مسلح ملیشیا، گینگ اور اسلامی شدت پسندوں کے خلاف پرسرِ پیکار ہے۔
پیر کو سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق رقم منتقل کرنے والی وین کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کی صرف ایک گاڑی فراہم کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے لانا کے مطابق سکیورٹی گارڈز دس حملہ آوروں کا مقابلہ نہ کر سکے اور حملہ آور 53 ملین لیبیائی دینار، 12 ملین امریکی ڈالر اور یورو ساتھ لے گئے۔
شہری انتظامیہ کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سیرت میں جولائی میں دو بینکوں میں ڈکیتی ہوئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ڈکیت پانچ لاکھ لیبیائی دینار چرا کر لے گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ سیرت حالیہ کشیدگی کے دوران ملک کے سابق سربراہ کرنل معمر قذافی کا مضبوط گڑھ تھا تاہم اب شہر میں پرتشدد واقعات میں کمی آئی ہے۔
.







