بےگھر شخص کے لیے ایمانداری کا صلہ

امریکہ میں ایک بےگھر شخص کے لیے ان کی ایمانداری کی وجہ سے ایک لاکھ دس ہزار ڈالر سے زائد رقم جمع کی گئی ہے۔
بوسٹن سے تعلق رکھنے والےگلین جیمز بےگھر ہیں اور انہیں ایک بیگ ملا تھا جس میں نقد رقم اور ٹریولرز چیک ملا کر کل 42,000 امریکی ڈالر تھے۔ انہوں نے اس بیگ کی اطلاع پولیس کو دی جس نے اس کے مالک کو ڈھونڈ نکالا۔
ذرائع ابلاغ میں ان کی ایمانداری کی خبریں پڑھ کر ایک مکمل اجنبی شخص نے ان کے لیے ایک آن لائن فنڈ کا آغاز کیا۔
آن لائن فنڈ شروع کرنے والے ایتھن وٹنگٹن اب یہ رقم گلین جیمز کے حوالے کرنے کے لیے ان سے ملاقات کریں گے۔
ایتھن وٹنگٹن ورجینیا کے رہائشی ہیں اور وہ گلین جیمز کی ایمانداری سے اتنا متاثر ہوئے کہ ان کے لیے آن لائن فنڈ کا آغاز کر دیا۔
خبر رساں ادارے اے پی سے بات کرتے ہوئے وٹنگٹن کا کہنا تھا کہ ’ انہوں نے بے گھر ہونے کے باوجود ایسا کیا جس سے میں بہت حیران ہوا۔‘
انہوں نے بتایا کہ آن لائن فنڈ شروع ہونے کے ساتھ ہی اس پر ایسا ردعمل آیا جیسے جنگل میں آگ پھیلتی ہے۔
’اس سے مجھے بہت امید ملی۔ یہ صرف ایک اچھے انسان کو انعام دینا ہی نہیں بلکہ امریکہ میں سب کے لیے ایک مثال ہے کہ اگر ہم سب مل کر کسی ایک مقصد کے لیے کام کریں تو اسے ممکن بنا سکتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







