عمران فاروق قتل کیس، لندن میں مزید چھاپے

لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں لندن میں پولیس نے منگل کی صبح شمال مغربی لندن میں دو مکانات پر چھاپے مارے۔
لندن میں میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق یہ چھاپے پولیس کے انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے مارے اور ان گھروں کی تلاشی کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔
میٹرپولیٹن پولیس کے پریس بیورو نے ان چھاپوں کے بعد ایک انتہائی مختصر بیان جاری کیا جو ان کی ویب سائٹ پر بھی شائع کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کی تحقیقات جاری ہیں۔ منگل کے روز مارے گئے چھاپوں کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا اب تک انھوں نے کس شخص کو گرفتار نہیں کیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس نے چند ماہ قبل بھی شمالی لندن میں ایک بزنس ایڈرس پر چھاپے مارے تھے۔
تلاش کے دوران میٹروپولیٹن پولیس نے جو شواہد اکھٹے کیے ان کے بارے میں پولیس کے ترجمان نے کوئی تفصیل سے آگاہ کرنے سے انکار کر دیا۔
ایم کیو ایم کے اہم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو سولہ ستمبر کو سنہ دو ہزار دس میں قتل کر دیا گیا تھا اور ان کے قتل کو تین سال مکمل ہونے والے ہیں۔



