کار پارکنگ کی جگہ ساڑھے پانچ لاکھ ڈالر میں

دائیں ہاتھ پر آگے پیچھے والی یہ پارکنگ کی جگہ دو مکانوں کی اوسط قیمت کے برابر ہے
،تصویر کا کیپشندائیں ہاتھ پر آگے پیچھے والی یہ پارکنگ کی جگہ دو مکانوں کی اوسط قیمت کے برابر ہے

امریکی شہر بوسٹن میں دو کاروں کی پارکنگ کے لیے جگہ پانچ لاکھ 60 ہزار ڈالر میں نیلام کی گئی ہے، جو اس علاقے میں مکان کی قیمت کے دوگنا کے برابر ہے۔

شہر کے ’پوش‘ علاقے بیک بے میں سیمنٹ کے اس ٹکڑے کی بولی 42 ہزار ڈالر سے شروع ہوئی تھی۔

یہ نیلامی انٹرنل ریوینیو سروس نے شروع کی تھی، جس اس جگہ کو اس کے اصل مالک سے ٹیکس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قبضے میں لے لیا تھا۔

یہ جگہ لیزا بلومینتھال نے خریدی جو قریب ہی کئی ملین ڈالر کے گھر میں رہتی ہیں۔ اس گھر میں پہلے ہی تین گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ ہے۔

انھوں نے بوسٹن گلوب کو بتایا کہ پارکنگ کی یہ جگہیں مہمانوں اور ملازموں کے کام آئیں گی۔

بوسٹن کے بیک بے ہی کے علاقے میں اس سے پہلے ایک کار کی پارکنگ کی جگہ تین لاکھ ڈالر میں بک چکی ہے۔

بوسٹن ریاست میساچوسٹس میں واقع ہے جہاں مکانوں کی اوسط قیمت تین لاکھ 13 ہزار ڈالر ہے۔