پوپ فرانسس نے قیدیوں کے پاؤں دھوئے

رومن کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اول نے ’مؤنڈی جمعرات‘ کی عبادت کے حصے کے طور پر روم کے قریب واقع ایک اصلاحی جیل کے بارہ قیدیوں کے پاؤں دھو کر عقیدت میں چومے۔
عیسائیوں کی مذہبی روایات کا حصہ یہ عبادت ایسٹر سے پہلے آنے والی جمعرات کو ادا کی جاتی ہے جو کہ پیغمبر عیسیٰ کے آخری ضیافت کی یاد میں ادا کی جاتی ہے۔
ہزاروں کی تعداد میں سیاح اور زائرین ایسٹر سے قبل کے ہفتے کی عبادات کے لیے روم پہنچ رہے ہیں۔
پوپ فرانسس اول نے پادریوں کو تلقین کی کہ وہ ’اپنے نفس میں جھانکیں‘ اور اپنے چرچ میں آنے والوں کے ساتھ رابطے مزید بڑھائیں۔
انہوں نے سینکڑوں کارڈینلز، پادریوں اور بشپس سے سینٹ پیٹرز بیسلکا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’نفس میں جھانکنا یہ نہیں ہے کہ ہم خدا سے ملاقات کر لیں بلکہ یہ ہے کہ ہم باہر نکلیں اور اس طرف جائیں جہاں دکھ، تکالیف، خون خرابہ ہے اور اندھیرا جو روشنی کا متلاشی ہے اور قیدی ہیں جو بد اثرات کے زیر اثر ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عبادت کے لیے آنے والوں کو اس حالت میں چرچ سے واپس جانا چاہیے جیسے انہیں کوئی خوشی کی خبر دی گئی ہے‘۔

پوپ فرانسس اول نے کاسل ڈیل مارمو کے مختلف جرائم میں ملوث افراد کے اصلاحی قیدخانے میں بارہ قیدیوں کے پاؤں دھونے کے بعد انہیں بوسہ دیا۔
ان قیدیوں کے پاؤں دھونے کے پیچھے پیغمبر عیسیٰ کی اپنے بارہ حواریوں کے ساتھ اپنے صلیب پر لٹکائے جانے سے پہلے کی رات کو شفقت کے سلوک کی یاد جسے دہرانے کی یہ ایک کوشش تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تقریب سے پہلے اس اصلاح خانے کے نگران نے بتایا کہ ان بارہ قیدیوں میں دو لڑکیاں بھی شامل تھیں جن میں سے ایک اطالوی کیتھولک تھیں اور دوسری سربیا سے تعلق رکھنے والی ایک سابقہ مسلمان تھیں۔
بعض قیدیوں نے اپنے پاؤں دھلوانے کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو پیش کیا جبکہ بعض کو دعوت نامہ دے کر ان کی شرمندگی مٹانے کی کوشش کی گئی جو وہ اس تقریب میں شرکت کرنے پر محسوس کر رہے تھے۔
ویٹیکن کے ریڈیو کے مطابق پوپ نے کہا کہ پیغمبر عیسیٰ نے اپنے حواریوں کے پیر خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر دھوئے تھے اور ’اگر خدا نے اپنے حواریوں کے پاؤں دھوئے تو آپ سب کو بھی یہی کرنا چاہیے‘۔

اس عبادت کے بعد پوپ فرانسس اول نے قیدیوں اور قیدخانے کے عملے کو عشائے ربانی دیا۔
کُل دس لڑکیوں اور چالیس لڑکوں نے اس عبادت میں حصہ لیا جن کا تعلق مختلف قومیتوں اور متنوع مذہبی عقائد سے تھا۔
پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے اپنے دور کے پہلے دو سال یہ عبادت خود ادا کی جبکہ بعد میں دوسرے پادریوں کے ذمے لگا دی تھی۔
گُڈ فرائڈے کو پوپ لکڑی کی ایک صلیب اٹھا کر روم کے قدیم کولیسئیم میدان میں ایک تقریب میں دعا کروائیں گے جو کہ پیغمبر عیسیٰ کے صلیب پر لگائے جانے کی یاد میں ہو گا۔
سنیچر کی رات کو پوپ فرانسس سینٹ پیٹرز بیسلکا میں ایسٹر کی بنیادی تقریب منائیں گے اور ایسٹر کی اتوار کو نئے پوپ اپنا پہلا ’اُربی ایت اُربی‘ پیغام جس کا مطلب ہے ’شہر کے نام اور دنیا کے نام‘ دیں گے۔







