برلسکونی دوبارہ ’وزارتِ اعظمیٰ کی دوڑ میں‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 7 دسمبر 2012 ,‭ 00:18 GMT 05:18 PST
برلسکونی

برلسکونی پہلے بھی تین مرتبہ اٹلی کے وزیرِ اعظم رہ چکے ہیں

اٹلی کے سابق وزیرِ اعظم سلویو برلسکونی کی جماعت نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ اگلے سال پھر وزارتِ اعظمیٰ کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔

ان کی جماعت پیپل آف فریڈم (پی ڈی ایل) پارٹی نے ان کی لیڈر شپ پرائمری منسوخ کر دی ہے اور جماعت کے ایک سینیئر رکن نے کہا ہے کہ برلسکونی وزیرِ اعظم کے لیے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

جمعرات کی صبح ان کی جماعت نے پارلیمان میں حکومت کی حمایت کے ووٹ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

وزیرِ اعظم ماریو مونٹی کی جماعت نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن اس نے اٹلی کو غیر یقینی صورتِ حال میں ڈال دیا ہے۔

سنہ 2011 میں اٹلی کی اقتصادی مشکلات کی وجہ سے سلویو برلسکونی نے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس سال اکتوبر میں ان پر ٹیکس فراڈ کا مقدمہ بھی بنا تھا۔

اس کے باوجود پی ڈی ایل کے سیکریٹری جنرل اینجلینو الفانو نے اطالوی میڈیا کو بتایا کہ چھہتر سالہ برلسکونی دوبارہ وزارتِ اعظمیٰ کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔

برلسکونی اس سے پہلے تین مرتبہ اٹلی کے وزیرِ اعظم رہ چکے ہیں۔ ان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ انہوں نے اس دوران بے پناہ ذاتی جائیداد بنائی۔

وزیرِ اعظم ماریو مونٹی کے اقتصادی پیکج پر حمایتی ووٹ نہ ڈالنے سے ایسا لگ رہا ہے کہ پی ڈی ایل اگلے سال کے انتخابات سے پہلے ان کی حکومت سے دوری اختیار کر رہی ہے۔

گزشتہ اکتوبر میں اٹلی کے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی نے وزیراعظم ماریو مونٹی کے سربراہی میں قائم ٹیکنو کریٹس کی حکومت کو گرانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت کابینہ اٹلی کو پیچ دار کساد بازاری کی جانب لے جا رہی ہے اور ان کی سینٹر رائٹ جماعت پی ڈی ایل آئندہ آنے والے دنوں میں طے کرے گی کہ آیا موجودہ حکومت کی حمایت واپس لی جائے یا نہیں۔

پی ڈی ایل اس وقت پارلیمان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور حکومت کی حمایت واپس لینے کے صورت میں ملک میں قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>