
’عالمی سطح پر کارروائی کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے‘
یورپی یونین اور امریکہ نے بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کے خاتمے اور انٹرنیٹ پر بچوں کی جنسی تصاویر کی اشاعت روکنے کے لیے ایک عالمی اتحاد بنایا ہے۔
یہ اتحاد برسلز میں تشکیل دیا گیا ہے جس میں اڑتالیس ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں سے جنسی رغبت رکھنے والوں کے خلاف مل کر کام کریں۔
یورپین کمیشن کے مطابق بچوں سے جنسی تعلق کے بارے میں لگ بھگ دس لاکھ تصاویر انٹرنیٹ پر موجود ہیں اور اس میں پچاس ہزار سالانہ کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے۔
برسلز میں حکام کے مطابق بچوں سے جنسی تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
اس اتحاد میں شامل ممالک نے مشترکہ کوششوں میں جن عزائم کا اظہار کیا ان میں، جنسی زیادتی کا شکار بچوں کی شناخت اور ان کی حفاظت کرنا، معاملات کی جانچ اور ایسا کرنے والوں کے خلاف مقدمہ چلانا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کو در پیش خطرات سے متعلق آن لائن آگاہی میں اضافہ کرنا اور انٹرنیٹ پر بچوں سے متعلق جنسی تصاویر تک رسائی کو کم سے کم کرنا بھی شامل ہے۔
اس عالمی اتحاد میں یورپی یونین کے ستائیس ممالک کے علاوہ امریکہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، فلپائن، جاپان، ویتنام، جنوبی کوریا، نائجیریا، سویٹزر لینڈ، ترکی اور یوکرائن شامل ہیں۔
"ہمارے بچوں کو درپیش خطرات بڑھ رہے ہیں اور ان کی نوعیت بدل رہی ہے۔ اور کوئی بھی ریاست اکیلے ان چیلینجز سے نمٹنے کے قابل نہیں ہوگی۔ ہم اِس وقت ایک بین الاقوامی قانونی طریقۂ کار کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔"
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈ
یورپی یونین کی امورِ داخلہ کی کمشنر سیسیلیا میلم سٹروم کا کہنا ہے ’ہماری ذمہ داری بچوں کی حفاظت کرنا ہے چاہے وہ کہیں بھی رہتے ہوں اور مجرموں کو سزا دلانا ہے چاہے وہ کہیں بھی کارروائیاں کر رہے ہوں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ عالمی سطح پر زیادہ سنجیدگی اور بہتر تعاون کے ساتھ اقدامات کیے جائیں۔‘
اس موقع پر امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے کہا ’ہمارے بچوں کو درپیش خطرات بڑھ رہے ہیں اور ان کی نوعیت بدل رہی ہے۔ اور کوئی بھی ریاست اکیلے ان چیلینجز سے نمٹنے کے قابل نہیں ہوگی۔ ہم اِس وقت ایک بین الاقوامی قانونی طریقۂ کار کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔‘
یورپی یونین کی امورِ داخلہ کی کمشنر کے مطابق روس کو بھی اس اتحاد میں شمولیت کی پیش کش کی گئی ہے تاہم فی الحال اس نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق بچوں سے جنسی تعلق رکھنے والوں کے خلاف گذشتہ سال ایک بڑی کارروائی میں امریکہ میں بہّتر افراد کو پکڑا گیا جبکہ دنیا بھر میں پانچ سوسے زائد لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔






























