
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا سراغ لگا کر مدینۃ نصر کے علاقے میں پہنچا گیا تھا
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی قونصل خانے پر ہونے والے حملے میں ملوث ایک ملزم کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اس شحص کی ہلاکت قاہرہ کے نواحی علاقے مدینۃ نصر میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہوئی۔ حکام نے اس شخص کا نام صرف حاظم بتایا ہے۔
بن غازی میں امریکی قونصل خانے پر ہونے والے حملے میں امریکی سفیر سمیت چار سفارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو مدینۃ نصر میں بدھ کی صبح ایک مکان میں گھیر لیا گیا تھا۔ ان کے مطابق ملزم نے سیکورٹی اہلکاروں پر ایک بم بھی پھینکا تاہم وہ گھر کے اندر ہی گر گیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر فائرنگ کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ حکام نے بتایا کہ بعد میں مکان میں سے ہتھیار، دھماکہ خیز مواد اور ملزم کی آتش زدہ لاش نکالی گئی۔
’الاحرام‘ نامی اخبار کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی عملے کو علاقے کے دیگر رہائشیوں کو فائر برگیڈ کی مدد سے نکالنا پڑا۔
قاہرہ سے بی بی سی کے جان لین کا کہنا تھا کہ ایک امکان یہ ہو سکتا ہے کہ ملزم صحرائے سینا جانے کی کوشش کر رہا ہو جہاں پر خطے کے کئی شدت پسند پناہ لے رہے ہیں۔






























