
سودی عرب کی مذہبی پولیس ملک میں اسلامی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بناتی ہے
سعودی عرب کی مذہبی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ فورس میں مزید خواتین کو شامل کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
سعودی گیزٹ اخبار سے بات کرتے ہوئے مذہبی پولیس کے سربراہ عبدالطیف عبدالعزیز الشیخ کا کہنا تھا کہ ان کو امید ہے کہ اس سلسلے میں جلد ہی ایک مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
سودی عرب کی مذہبی پولیس ملک میں اسلامی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بناتی ہے جس میں مناسب لباس پہننے اور نماز کے اوقات بھی شامل ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں عبدالطیف عبدالعزیز الشیخ نے اعلان کیا تھا کہ وہ مذہبی پولیس کے اختیارات میں کمی کریں گے۔
مذہبی پولیس کی زیادتیوں کے باعث عوام کے بڑھتے ہوئے غم و غصے پر قابو پانے کے لیے الشیخ نے جنوری میں یہ عہدہ سنبھالا تھا۔
حال ہی میں ایک موبائل فون کلپ منظر عام پر آیا تھا جس میں مذہبی پولیس کا ایک اہلکار ایک خاتون کو ان کے میک اپ کے باعث شاپنگ مال سے جانے کو کہہ رہا ہے۔
مذہبی پولیس میں خواتین کی شمولیت سے اس بات کا کوئی عندیہ نہیں ملتا کہ ان قوانین میں کوئی نرمی ہوگی لیکن اس سے عوامی مقامات پر خواتین کی تعداد ضرور بڑھ جائے گی۔
سعودی عرب ایک قدامت پسند ملک ہے لیکن حال ہی میں ملک کے بادشاہ عبدا اللہ نے سیاسی اور معاشی اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔
ستمبر 2011 میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ خواتین کو ووٹ دینے اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا حق دیا جائے گا۔






























