
تنظیموں کا کہنا ہے کہ ڈاٹ گے سے ہم جنس پرست افراد کی کمیونٹی کو امداد فراہم کی جائے گی
سعودی عرب نے اس ویب ڈومین کی مخالفت کی ہے جو ڈاٹ گے پر ختم ہو رہا ہے۔
ملک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے کہا ہے کہ یہ اقدام بعض معاشروں اور بعض ثقافتوں کے لیے ’ناگوار‘ ہو گا۔
ادارے نے اس اقدام کے خلاف آئی سی اے این این میں باضابطہ اعتراض درج کروا دیا ہے۔ یہ ادارہ سینکڑوں ٹاپ لیول ڈومینز کے اجرا کی نگرانی کرتا ہے۔ سعودی عرب نے اور ناموں کی بھی مخالفت کی ہے۔
آئی سی اے این این نے جون میں انکشاف کیا تھا کہ اس کے پاس ٹاپ لیول ڈومینز کی دو ہزار کے قریب درخواستیں آئی ہیں جنہیں ڈاٹ کام، ڈاٹ اورگ، یا اسی قسم کے دوسرے ڈومینز کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
چار مختلف تنظمیں ڈاٹ گے ڈومین چلانے کے لیے میدان میں ہیں لیکن حتمی فیصلہ آنے سے قبل غیرجانبدار پارٹیوں کو موقع دیا جاتا ہے کہ وہ ڈومین کی تخلیق پر اعتراض کر سکیں۔
آئی سی اے این این کے ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے باضابطہ اعتراض دائر کر دیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ’بہت سے معاشرے اور ثقافتیں ہم جنس پرستی کو اپنی تہذیب، اخلاقیات یا مذہب کے منافی سمجھتی ہیں۔‘
’ایک ایسا ٹاپ لیول ڈومین جو ہم جنس پرستی کی ترویج کرتا ہو، ان معاشروں اور ثقافتوں کے لیے ناگوار ہو گا۔ ہماری مودبانہ گذارش ہے کہ آئی سی اے این این اس ڈومین کے اجرا کو منسوخ کر دے۔‘
ڈاٹ گے ڈومین
"سعودی عرب اب دنیا کے بیالیس کروڑ ہم جنس پرست افراد کے لیے بھی انٹرنیٹ کو سنسر کرنا چاہتا ہے۔"
ہم جنس پرست تنظیم
اس خبر سے برطانیہ کی تنظیموں کو مایوسی ہوئی ہے۔ لیسبیئن اور گے فاؤنڈیشن کی ایک ترجمان نے کہا ’ڈاٹ گے ڈومین والی سائٹوں سے ہم جنس پرستی کو فروغ نہیں ملے گا بلکہ ان سے بے حد اہم امداد فراہم کی جائے گی۔‘
’یہ کہا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب جیسے ملکوں کے لیے زیادہ اہم ہے کہ ان کی رسائی ایسی سائٹوں تک ہو جہاں ہم جنس پرستی غیرقانونی ہے اور اس پر بعض اوقات سزائے موت دی جا سکتی ہے۔‘
سٹون وال ویب سائٹ کی اینڈی ویزلی کا کہنا ہے: ’سعودی عرب نے پہلے ہی اپنے انیس لاکھ ہم جنس پرست عوام کی سٹون وال جیسی کمیونٹی ویب سائٹوں تک رسائی روک رکھی ہے جو امداد اور معلومات فراہم کرتی ہیں۔ اب وہ دنیا کے بیالیس کروڑ ہم جنس پرست افراد کے لیے بھی انٹرنیٹ کو سنسر کرنا چاہتا ہے۔‘
سعودی عرب نے صرف ڈاٹ گے ڈومین ہی پر اعتراض نہیں کیا بلکہ اور بھی کئی ٹاپ لیول ڈومینز پر کا اجرا روکنے کی درخواست کی ہے۔ ان میں ڈاٹ سیکس، ڈاٹ ورجن، ڈاٹ ڈیٹنگ، ڈاٹ بے بی، ڈاٹ وائن، وغیرہ شامل ہیں۔
آئی سی اے این این نئے ڈومینز کے بارے میں چھبیس ستمبر تک اعتراضات اور تبصرے قبول کرے گی۔






























