اہرام مصرسیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 12 اکتوبر 2012 ,‭ 12:17 GMT 17:17 PST
اہرام مصر

اہرام مصر کو دنیا کے سات عجوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

مصر نے سیاحوں کے لیے اپنا عظیم اہرام خفری کھول دیا ہے۔

مصر نے اپنے بڑے اہرام میں سے ایک کو دوبارہ کھول کر گزشتہ سال کے انقلاب کے نتیجے میں متاثر سیاحت کو بحال کرنے کے لیے یہ اقدام کیا ہے۔

واضح رہے کہ غیزہ میں خفری کا اہرام دوسرا بڑا اہرام ہے۔ یہ فرعون کے بیٹے خفری کا مقبرہ ہے جو قدیم مصر کے شاہی خاندان کی چوتھی نسل میں آتے تھے۔

اس اہرام کی لمبائی ایک سو چھتیس میٹر یعنی چار سو چھیالیس فٹ ہے۔

مصر میں آثار قدیمہ کے وزیر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ خفری کے اہرام کے ساتھ غیزہ میں موجود چھ قدیم مقبروں کو ان کی بحالی کے بعد سیاحوں کے لیے پھر سے کھول دیا گیا ہے۔

انھوں نے اس موقع پر کہا کہ وہ یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ مصر سیاحوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔

مصر میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے انقلاب کے بعد سے اب سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشکل تو یہ ہے کہ مغربی ممالک کے بہت سے افراد مصر کو ابھی بھی جنگ زدہ علاقوں میں شمار کرتے ہیں۔

وزیر آثار قدیمہ ابراہیم نے سیاحوں کے لیے کھولی گئی عمارتوں کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ مصر کے مختلف علاقوں میں موجود آثار قدیمہ کی دوسری عمارتیں بھی جلد ہی کھول دی جائیں گی۔

مصر کی سیاحت گزشتہ سال بری طر ح متاثر ہوئی تھی جب سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف تشدد کی لہر اٹھ کھڑی ہوئی تھی۔

خاص طور پر دارالحکومت قاہرہ سے پرتشدد مظاہروں کی تصاویریں ساری دنیا میں نشر کی گئی تھیں۔

مصر اب بھی کمزور معیشت اور غیر مستحکم حفاظتی حالات سے نبرد آزما ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>