
مصری فوج سیناء میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔
مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق بائیس مصری فوجی مصر کے علاقے جزیرہ نما سیناء میں ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
اسرائیل کی سرحد کے قریب ہونے والے اس حادثے میں بیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
مصری فوج اسلامی شدت پسندوں کے خلاف سیناء میں کارروائیاں کر رہی ہے۔اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ اس حادثے کا ان کارروائیوں سے کوئی تعلق ہے۔
مصر کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری خبر رساں ایجنسی مینا نے بتایا کہ فوجیوں کو لے کر جانے والی ایک گاڑی کے ناہموار علاقے میں بے قابو ہو کر الٹنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔
وزارت صحت کے ایک افسر طارق خاطر نے اے پی کو بتایا کہ یہ گاڑی اسرائیل کی سرحد پر تعینات فوجیوں کو ان کے کیمپ واپس لا رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔
اگست میں سولہ مصری فوجیوں کو ایک ہی حملے میں شدت پسندوں نے ہلاک کردیا تھا جس کے بعد مصری فوج نے اس علاقے میں اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

اس سے پہلے اگست میں سولہ مصری فوجی ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
اسی طرح اس علاقے میں بائیس ستمبر کو اسرائیلی فوجیوں نے سرحد پر حملہ کر کے تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
قاہرہ سے بی بی سی کے نمائندے جون لین کا کہنا تھا کہ صحرائے سینائی میں شدت پسندوں کو عموماً اسلامی شدت پسند سمجھا جاتا ہے تاہم ان کی شناخت واضح نہیں ہے۔
سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ لوگ مصری اور غیر ملکی اسلامی شدت پسند گروہوں سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد ہیں جو علاقے میں امن و امان کی غیر مستحکم صورتحال کا فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔






























