
کیمپ بیسشن طالبان کے حملے کی زد میں۔
طالبان نے جنوبی افغانستان میں نیٹو کی کیمپ بیسشن نامی فوجی چھاؤنی پر حملہ کیا اور چھاؤنی کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلمند صوبے میں ہونے والے اس حملے میں کم از کم دو امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔
طالبان نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے یہ حملہ اسلام مخالف فلم کا بدلہ لینے کے لیے کیا ہے۔
حملے سے عمارات اور جہازوں کو نقصان پہنچا ہے لیکن نیٹو کا کہنا ہے کہ اس نے اٹھارہ باغیوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا ہے۔
بعد میں ہفتے کے دن ایک شخص نے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ مقامی افغان پولیس اہلکار تھا، ملک کے جنوب میں نیٹو فوجیوں پر فائر کھول دیا، جس سے دو غیر ملکی فوجی مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قومیت کے بارے میں علم نہیں ہو سکا۔ ایساف نے کہا ہے کہ فوجیوں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔
اس حملے کے بعد اس سال افغانستان میں افغان فوجیوں یا پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے نیٹو فوجیوں کی تعداد سینتالیس ہو گئی ہے۔
ایک برطانوی فوجی اس وقت ہلاک ہو گیا جب اس کی گاڑی ہلمند صوبے میں سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔
بی بی سی کے کابل میں نمائندے جوناتھن بیل کا کہنا ہے کہ کیمپ بیسشن صحرا کے بیچوں بیچ واقع ہے اور یہاں سے چاروں طرف دیکھا جا سکتا ہے۔
چھاؤنی بھاری طور پر قلعہ بند تھی۔ اتحادی فوجیں تحقیقات کر رہی ہیں جنگجو کس طرح اس پر اچانک شب خون مارنے میں کامیاب ہو گئے۔
برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے ایک ہفتہ قبل اسی چھاؤنی میں فرائض سنبھالے تھے لیکن وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز فلم بنانے پر اسلامی دنیا میں ہونے والے ہنگاموں میں اب تک سات افراد مارے جا چکے ہیں۔
نیٹو حکام نے کہا ہے کہ باغیوں نے کیمپ بیسشن پر جمعے کی رات مقامی وقت کے مطابق دس بجے مارے گئے شب خون میں چھوٹے ہتھیار، راکٹ اور مارٹر استعمال کیے۔
ایساف کے میجر ایڈم ووجیک نے کہا کہ حملہ آوروں نے احاطے کا ایک کمزور حصہ تلاش کیا اور خاموشی سے اس میں نقب لگا لی۔
"اندر پہنچ کر جنگجوؤں نے احاطے کے ہوائی اڈے والی طرف حملہ کر کے جہازوں اور عمارتوں کو کچھ نقصان پہنچایا اور دو فوجیوں کو ہلاک کر ڈالا۔"
ایساف کے میجر ایڈم ووجیک
اندر پہنچ کر جنگجوؤں نے احاطے کے ہوائی اڈے والی طرف حملہ کر کے ’جہازوں اور عمارتوں کو کچھ نقصان پہنچایا اور دو فوجیوں کو ہلاک کر ڈالا۔‘
انھوں نے کہا کہ جوابی کارروائی میں امریکی اور برطانوی فوجیوں نے اٹھارہ حملہ آوروں کو ہلاک کیا۔
ایساف کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور زخمی ہو گیا تھا جسے گرفتار کر لیا گیا۔
کئی بین الاقوامی فوجی اس حملے میں ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے کا ہدف امریکی اور برطانوی فوجی تھے۔
بعد میں جاری کیے جانے والے ایک بیان میں طالبان کے کہا کہ ’دسیوں‘ جنگجوؤں نے حملے میں حصہ لیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چھاؤنی ’آگ اور دھویں میں گھر گئی تھی۔‘
انھوں نے دھمکی دی کہ فلم میں پیغمبرِ اسلام کی توہین پر ملک بھر میں مزید حملے کیے جائیں گے۔






























