شام: پناہ گزین دو لاکھ سے تجاوز کر گئے

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 24 اگست 2012 ,‭ 16:45 GMT 21:45 PST
شامی پناہ گزین

لبنان میں ایک شامی پناہ گزین

اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے نے کہا ہے کہ شام کے تنازعے میں شدت آنے کے بعد وہاں سے دو لاکھ سے زائد پناہ گزین ہمسایہ ملکوں کو ہجرت کر گئے ہیں۔

یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ اس کا اندازہ تھا کہ سال کے اختتام تک یہ تعداد ایک لاکھ پچاسی ہزار ہو گی، لیکن سال ختم ہونے سے بہت پہلے ہی پناہ گزین تخمینے سے متجاوز ہو گئے ہیں۔

گذشتہ ہفتے تیس ہزار پناہ گزین ترکی، عراق، لبنان اور اردن پہنچے ہیں۔

اسی دوران حکومت مخالف کارکنوں کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج نے دمشق کے نواحی علاقے داریا پر فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے جس میں تقریباً بیس افراد مارے گئے ہیں۔

یہ مبینہ فائرنگ اس ہفتے شروع کی جانے والی فوجی کارروائی کا حصہ ہے جس کا مقصد دارالحکومت کے مضافات پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

شام میں ہونے والے تشدد سے شہری آبادی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مارچ دو ہزار گیارہ میں جمہوریت کے حق میں ہونے والے مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے اب تک دو لاکھ سے زائد شامی باشندوں کا ہمسایہ ملکوں میں یو این ایچ سی آر کے پاس اندراج ہو چکا ہے۔

ادارے کے ترجمان ایڈرین ایڈورڈز نے جمعے کے روز جنیوا میں ایک اخباری کانفرنس کو بتایا، ’پڑوسی ملکوں میں پناہ گزینوں کی تعداد دو لاکھ دو ہزار پانچ سو بارہ تک پہنچ گئی ہے۔ رات کو دو ہزار دو سو افراد سرحد پار کر کے اردن میں داخل ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے۔‘

"رات کو دو ہزار دو سو شامی پناہ گزین سرحد پار کر کے اردن میں داخل ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے"

یو این ایچ سی آر

ترجمان نے مزید کہا کہ لبنان میں امنِ عامہ کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کی وجہ سے شام سے آئے ہوئے پناہ گزینوں کی امداد میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے، تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔‘

لبنان میں اکیاون ہزار شامی پناہ گزین رجسٹرڈ ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق حالات کی وجہ سے شام کے اندر بھی بارہ لاکھ سے زائد بے گھر افراد موجود ہیں جب کہ پچیس لاکھ کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔

اس وقت شام میں ہونے والی لڑائی کے دو بڑے محاذ دمشق اور حلب ہیں۔ حکومت نے اس ہفتے دمشق کے مضافات میں باغیوں کو کچلنے کے لیے شدید حملہ شروع کیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>