
جنرل ڈیمپسی غیر ملکی فوجیوں پر افغان سکیورٹی اہلکاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں پر بات چیت کے لیے افغانستان آئے تھے
افغانستان میں غیر ملکی فوج کی موجودگی کے مخالفین کی طرف سے ایک امریکی فوجی اڈے پر راکٹوں کے حملے میں امریکہ کے جنرل مارٹن ڈیمپسی کے طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔
افغانستان کے دورے پر آئے ہوئے جنرل ڈیمپسی حملے کے وقت طیارے کے قریب نہیں تھے، تاہم اس حملے میں دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
حملہ پیر کی رات کو دیر گئے بگرام کے فوجی اڈے پر ہوا۔ جنرل ڈیمپسی افغانستان کے سکیورٹی اہلکاروں کے غیر ملکی فوجیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے بارے میں بات چیت کے لیے آئے ہیں۔
نیٹو کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس حملے میں جنرل ڈیمپسی کے طیارے کے علاوہ ایک ہیلی کاپٹر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔جنرل ڈیمپسی منگل کو ایک دوسرے طیارے سے واپس روانہ ہو گئے ہیں۔






























