
افغانستان میں اتحادی افواج ہیلی کاپٹروں پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہیں
افغانستان میں تعینات اتحادی افواج ایساف کے مطابق جنوبی افغانستان میں ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں سات غیر ملکیوں سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوئے ۔
ایساف کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں تین امریکی اور چار افغان شامل ہیں جبکہ چار دیگر غیر ملکیوں کی قومیت نہیں بتائی گئی۔
افغان حکام کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر قندہار صوبے کے شاہ کوٹ ولی ضلعے میں گر کر تباہ ہوا۔
ایساف کا کہنا ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ایساف نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والے تین افغان سیکیورٹی فورسز کا حصہ تھے، جب کہ ایک سویلین ترجمان تھے۔
دوسری طرف طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر انہوں نے گرایا ہے لیکن اس دعوے کے تصدیق نہیں ہو سکی۔
نامہ نگاروں کے مطابق طالبان اکثر اس قسم کی مبالغہ آرائی کرتے رہتے ہیں۔
افغانستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے عام ہیں جہاں بین الاقوامی فوج سامان اور عملے کی ترسیل کے لیے ہیلی کاپٹر پر زیادہ انحصار کرتی ہے۔






























