
روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر اقوام متحدہ شام سے نکل گئی تو اس کے خطے پر منفی اثرات ہوں گے
اقوام متحدہ نے شام میں اپنے مبصرین پر مشتمل امن مشن کی مدت پوری ہونے سے پہلے اس کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق شام میں سیاسی رابطے کے لیے ایک چھوٹا دفتر قائم کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر کا کہنا تھا کہ امن مشن کی شرائط پوری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ شام کے لیے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی کوفی عنان کا چھ نقاطی امن منصبوبہ امن مشن کا حصہ رہا ہے تاہم شام میں جاری تشدد نے مبصرین کے کام کو مشکل بنا دیا ہے۔
شام کے لیے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی کوفی عنان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے شام کے مسئلے پر عدم اتفاق کی وجہ سے امن مشن کے سربراہ کی حیثیت سے استعفی دے دیا تھا۔
دوسری جانب روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر اقوام متحدہ شام سے نکل گئی تو اس کے خطے پر منفی اثرات ہوں گے۔
اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویٹالی چرکن کے مطابق اقوام متحدہ شام میں تشدد کے خـاتمے کے لیے بین الاقوامی اپیل جاری کرنا چاہتا ہے۔
روس کے سفیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے شام کے بحران پر بات چیت کے لیے جمعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے علاوہ سعودی عرب اور ایران کے نمائندوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔
شام میں اقوام متحدہ کے ایک سو ایک مبصرین ایک ہفتے تک دمشق سے روانہ جائیں گے جس کے بعد وہاں ایک رابطہ دفتر قائم کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے ڈپٹی امن مشن کے سربراہ ایڈمونٹ میولٹ کے مطابق شام کے رابطہ دفتر میں ایک اندازے کے مطابق بیس سے تیس افراد کام کریں گے۔
اقوام متحدہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام کی زمینی صورت حال بہت زیادہ مشکل ہے تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم مستقبل میں اس مسئلے کے حل کے لیے کوششیں ترک کر دیں۔






























