ملائیشیا: ازدواجی تعلقات کی کتاب پر پابندی

،تصویر کا ذریعہAFP
ملائیشیا میں حکومت نے مسلمان خواتین کی ایک تنظیم کی جانب سے ازدواجی تعلقات کے بارے میں ہدایت پر مشتمل ایک متنازع کتاب کی اشاعت اور فروخت پر پابندی لگا دی ہے۔
فرماں بردار بیویاں کے کلب کے نام سے بنائی گئی ایک تنظیم نے کتاب شائع کی ہے جس میں مسلمان عورتوں کو ازدواجی تعلقات کے بارے میں ہدایات دی گئی ہیں۔
یہ کتاب جسے اسلام میں مباشرت کے طریقے کے عنوان سے شائع کیا گیا ہے، صرف چند سو افراد کی نظر سےگزری ہے۔ اس کتاب کو عورتوں کی تحقیر کرنے اور ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص فروخت کی غرض سے اس کی کاپیاں کرنے میں ملوث پایا گیا تو اسے تین سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
اس کلب کے ارکان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ کتاب صرف کلب کے ممبران کو روحانی ہدایت دینے کے لیے مرتب کی گئی ہے اور اس کا مقصد انھیں جنسیات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل اس کلب نے کہا تھا کہ عورتوں کو اپنے شوہروں سے خلوت میں ’اعلی درجے کی داشتاوں‘ کے طور پر پیش آنا چاہیے تاکہ وہ کسی دوسری عورت سے تعلقات اور تشدد سے باز رہیں۔
ملائیشیا کی حکومت کہتی ہے کہ یہ تنظیم ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔
ملائیشیا کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی کے پاس یہ کتاب ہوئی تو اسے سولہ سو امریکی ڈالر جرمانہ کیا جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







