دنیا کے تمام ممالک قزاقی کوجرم قرار دیں

،تصویر کا ذریعہGetty
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ادارے کے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ صومالی قزاقوں کے خلاف عدالتی کارروائی تیز کرنے کے لیے قانون سازی کریں۔
متفقہ طور پر منظور ہونے والے ایک قرارداد میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے قوانین میں پائریسی کو جرم قرار دیں تاکہ قزاقوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
قرار داد میں زور دیا گیا ہے کہ صومالیہ اور مشرقی افریقہ کے ممالک میں انسدادِ قزاقی کی خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں۔
انٹرنیشنل میری ٹائم بیورو کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال دنیا بھر میں قزاقوں کے حملوں میں بیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انٹرنیشنل میری ٹائم بیورو کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران دنیا بھر میں قزاقوں کے تین سو باؤن حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں جو گزشتہ سال سال سے بائیس فیصد زیادہ ہیں۔
اس کے علاوہ چھ سو پچیس افراد کو اغواء، آٹھ افراد کو ہلاک اور اکتالیس افراد کو زخمی کیا گیا ہے۔
تاہم رواں سال صومالی قزاق صرف چوبیس بحری جہاز اغواء کرنے میں کامیاب ہوئے اور گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران یہ تعداد پینتیس تھی۔
رپورٹ کے مطابق بحری قزاقوں نے اپی سرگرمیوں کا دائرہ بحرہ احمر تک بڑھا دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







