امریکہ، طوفان میں 116 ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters

امريکي رياست ميزوري ميں آنے والےشديد طوفان ميں کم از کم ايک سو سولہ افراد ہلاک اور ہزار سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

طوفان نے رياست ميسوري کے شہر جاپلن میں ہزاروں گھروں کو تباہ کر دیا۔ ہزاروں درخت اکھڑ گئے اور مواصلات کا نظام درہم برھم ہوگیا۔

محکمہ موسميات کےحکام کے مطابق اتوار کي شام کو آنے والا طوفان چھ عشروں میں سب سے شديد طوفان ہے۔

جاپلن کے ایک اہلکار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ طوفان نے شہر سے دس کلو میٹر لمبے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا اس دس کلو میٹر کے علاقے میں ہر شے تباہ ہوگئی ہے۔

جاپلن کے فائر چیف مچ رینڈل نے کہا شہر کا ایک چوتھائی حصہ تباہ ہو گیا ہے۔

حکام اب بھي ملبے ميں پھنسے ہوئے لوگوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ میزوری کے گورنر نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اب بھی لوگوں کو بچایا جا سکتا ہے۔

جاپلن کے شہریوں نے بتایا ہے کہ طوفان سے صرف آدھ گھنٹہ پہلے سائرن بجائےگئے جس کے بعد وہ اپنے تحہ خانوں میں گھس گئے۔ طوفان کے گزرنے کے بعد جب انہوں نے دیکھا تو ان کے گھر اڑ چکے تھے اور ان کا کچھ بھی نہیں بچا۔