امریکہ میں طوفان سے 89 افراد ہلاک

افسران کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ریاست مسوری کے شہر جوپلن میں یا طوفان سے کم از کم 89 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اس طوفان کے سبب تقریباً دس کلو میٹر کے علاقے میں گھر اور کاروبار تباہ ہو گئے۔
مسوری کے گورنر جے نکسن نے ریاست میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے مزید طوفان آ سکتے ہیں۔
گزشتہ ماہ ایسے ہی طوفانوں سے الاباما اور دیگر جنوبی ریاستوں میں 350 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایک فری لانس فوٹو گرافر جان ملر نے بتایا کہ جوپلن میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر زمین بوس ہوگئے ، ایک سپر مارکیٹ وال مارٹ،گیس سٹیشن اور کئی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔
خبروں کے مطابق شہر میں بجلی اور فون لائنز خراب ہیں۔
ریڈ کراس کے ترجمان کے مطابق تنظیم نےاس طوفان کے شکار لوگوں کے لیے جوپلن کی یونیورسٹی میں ایک کیمپ لگایا ہے اور متاثرین کے لیے کمبل ، کوٹ، کھانے پینے کا سامان اور پانی مہیا کرایا گیا ہے۔
امریکی صدر براک اوباما نے جو اس وقت آئر لینڈ میں ہیں اپنے ایک پیغام میں متاثرین سے ہمدردی کا اظہار اور ہلاک شدگان کے عزیزوں سے تعزیت کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







