چار امریکی صومالی قزاقوں کے قبضے میں

حالیہ برسوں میں قزاقوں نے متعدد کشتیوں کو بھی اغواء کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحالیہ برسوں میں قزاقوں نے متعدد کشتیوں کو بھی اغواء کیا ہے

بین الاقوامی پانیوں کی نگرانی کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ صومالی بحری قزاقوں نے اومان کے ساحلوں کے قریب سے ایک کشتی میں سفر کرنے والے چار امریکیوں کو اغواء کر لیا ہے۔

ادارے نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ایس وی کوئیسٹ نامی کشتی جس کا مالک ایک ریٹائرڈ جوڑا ہے اومان سے دو سو چالیس ناٹیکل میل دور اغواء کی گئی ہے۔

خیال ہے کہ یہ کشتی بھارت سے اومان جا رہی تھی۔

جدید بحری قزاق عموماً مال بردار جہازوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں لیکن حالیہ برسوں میں قزاقوں نے متعدد کشتیوں کو بھی اغواء کیا ہے۔

کشتی کے مالکان جین اور سکاٹ ایڈم کی ویب سائٹ کے مطابق وہ سنہ 2002 سے سمندر میں دنیا بھر کا سفر کر رہے ہیں۔ ان کی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ برس انہوں نے کشتی کے عملے میں مزید دو افراد کا اضافہ کیا تھا۔

صومالیہ میں اقوامِ متحدہ کے مشن نے تصدیق کی ہے کہ ایس وی کوئیسٹ کو اغواء کیا گیا ہے۔ مشن کے فرسٹ سیکرٹری عمر جمال نے قزاقوں سے مغویوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

صومالی قزاقوں نے حالیہ برسوں میں مال بردار جہازوں کو اغواء کر کے تاوان میں لاکھوں ڈالر وصول کیے ہیں اور ایک امریکی تحقیق کے مطابق اس بحری قزاقی سے عالمی معیشت کو سالانہ سات سے بارہ ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔