ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد روزمرہ زندگی: کیا برطانیہ میں سکول اور بینک بند ہوں گے؟

A woman places flower tributes at the gate of Buckingham Palace

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, ایلسا میشمین
    • عہدہ, بی بی سی نیوز

برطانیہ اور دنیا بھر سے ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

اگرچہ سرکاری تقریبات کے حوالے سے ایک انتہائی احتیاط سے مرتب کیا گیا ٹائم ٹیبل الگ سے جاری کیا جائے گا، تاہم ملکہ کی وفات کا برطانیہ میں روزمرہ زندگی پر گہرا اثر پڑے گا۔ زیادہ تر تفصیلات کی ابھی تصدیق ہونا باقی ہے لیکن آئیے آپ کو ممکنہ صورتحال کے متعلق بتاتے ہیں۔

کیا بینکوں میں چھٹی ہوگی؟

توقع کی جا رہی ہے کہ ملکہ کی آخری رسومات دن کے دس یا گیارہ بجے ویسٹ منٹسر ایبے میں ادا کی جائیں گی، حتمی تاریخ کی تصدیق بکنگھم پیلس سے کی جائے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس دن بینکوں میں چھٹی ہو گی تاہم اس کی تصدیق بھی محل اور حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔

اگر بینکوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تو سکول بھی بند ہوں گے۔

یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا سکول اس سے پہلے ہی بند کر دیے جائیں گے یا نہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ محکمہ تعلیم اور انتظامیہ اس بارے میں تجاویز جاری کریں گے۔

کیا تقریبات منسوخ کر دی جائیں گی؟

جمعہ کو شیڈول کیے گئے میچوں میں سے زیادہ تر کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اس میں انگلش فٹ بال لیگ اور شمالی آئرلینڈ فٹ بال لیگ کے میچز بھی شامل ہیں۔

برطانیہ میں برٹش ہارس ریسنگ اتھارٹی نے تمام ریسیز ملتوی کر دی ہیں اور جمع کو بی ایم ڈبلیو پی جی اے گولف چیمپئن شپ میں بھی کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔

ٹور آف برطانیہ سائیکلنگ ریس کا چھٹا مرحلہ جو جمعہ کو منعقد ہونے والا ہے، اب نہیں ہو گا۔ اور انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان جمعہ کو ہونے والے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ملتوی کر دیا گیا ہے، اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا باقی پانچ روزہ میچز ہوں گے یا نہیں۔

جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے بی بی سی پرومز کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ سنیچر کو ہونے والے پروم کی آخری رات بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ایک منٹ کی خاموشی کے بعد برطانیہ بھر میں تھیٹر پرفارمنس جاری رہنے کی توقع ہے۔ جمعرات کی شام اس خبر کے اعلان کے بعد مرکری میوزک پرائز کی ایوارڈ تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔

EPA

،تصویر کا ذریعہEPA

کیا ریل اور ڈاک کے محکمے مقررہ دنوں پر ہڑتالیں کریں گے؟

ریل، میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ (آر ایم ٹی) یونین نے اعلان کیا ہے کہ احترام کے طور پر 15 اور 17 ستمبر کو ہونے والی ہڑتالیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیلریڈ سٹاف ایسوسی ایشن نے بھی ستمبر میں اعلان کردہ ہڑتالیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمیونیکیشن ورکرز یونین (سی ڈبلیو یو) کی جانب سے جمعہ کو ہونے والی ڈاک کی ہڑتال بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا آخری رسومات سے قبل کوئی میمیوریل سروس ہو گی؟

جمعہ کو سینٹ پال کیتھیڈرل میں ایک یادگاری سروس منعقد ہو گی جس میں وزیراعظم اور دیگر سینئر وزرا شرکت کریں گے۔

چونکہ ملکہ کی وفات سکاٹ لینڈ میں ہوئی ہے اس لیے ان کا تابوت ایڈنبرا کے سینٹ جائلز کیتھیڈرل میں رہے گا۔ کچھ دنوں کے بعد عوام کو دیدار کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

اس کے بعد تابوت کو لندن روانہ کیا جائے گا، جہاں چار دن ویسٹ منسٹر ہال میں لاکھوں افراد کو دیدار کی اجازت ہو گی۔

PA Media

،تصویر کا ذریعہPA Media

آخری رسومات کے بعد اگلی صبح تک سرکاری عمارتوں پر یونین کا پرچم سرنگوں رہے گا۔ چارلس کے بادشاہ کے طور پر اعلان کے موقع پر سنیچر کے روز ایک بجے سے لے کر اگلے 24 گھنٹے تک یونین کا پرچم بلند رہے گا اور اس کے بعد پھر سے سرنگوں ہو گا۔

جمعہ کو ویسٹ منسٹر ایبے، سینٹ پال کیتھیڈرل اور ونڈسر کیسل میں ملکہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔ ان کی زندگی کے 96 برسوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہائیڈ پارک اور دیگر جگہوں پر 96 راؤنڈز کی توپوں کی سلامی دی جائے گی۔