آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
یونیورسٹیوں میں داخلے: آپ بھی یونیورسٹی ہاسٹل میں شفٹ ہونے والے ہیں؟ یہ پانچ چیزیں آپ کی مدد کر سکتی ہیں
- مصنف, ایلینور لوری
- عہدہ, بی بی سی نیوز
یونیورسٹی کے ہاسٹل میں نئی زندگی شروع کرنے کا تصور سب ہی کے لیے کافی جوش اور خوشی سے بھرپور ہوتا ہے۔
پاکستان میں یونیورسٹیوں کی میرٹ لسٹیں لگ رہی ہیں اور یہ وقت اکثر طبا کے لیے خاصا کٹھن ہوتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ وہ خوش نصیب ہیں جو یونیورسٹی میں پڑھنے جا رہے ہیں تو ہاسٹل کے لیے سامان باندھنا یقیناً آپ کے لیے دردِ سر بن چکا ہو گا۔
ایسے میں یہ سوال بہت اہم ہے کہ ہاسٹل میں کیا لے کر جانا چاہیے اور کیا نہیں۔
1: وہ چیزیں جو آپ کو گھر کی یاد دلائیں
یونیورسٹی جانا آپ کے لیے زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنے کے چند مواقعوں میں سے ایک ہے۔ آپ کو نئے دوست ملیں گے جن کی دلچسپیاں ہو سکتا ہے کہ آپ سے بہت مختلف ہوں۔
اس لیے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ آپ اپنی پرانی زندگی سے جتنا دور ہو سکے ممکنہ طور پر اتنا دور ہونا چاہیں۔
لیکن یہ ایک بہت بڑی تبدیلی بھی ہے اس لیے اپنے آس پاس کچھ جانی پہچانی چیزیں ہونے سے آپ کو اس تبدیلی سے ہم آہنگ ہونے میں مد مل سکتی ہے اور اگر آپ کا دن مشکل گزر رہا ہو تو آپ کو اس سے کچھ سکون مل سکتا ہے۔
برطانوی ادارے کے مطابق 'ایسی چیزیں لے جائیں جو آپ کو گھر کی یاد دلائیں، مثلاً اپنا کمبل، اپنے کمرے کا سامان اور اپنے دوستوں اور گھر والوں کی تصاویر۔'
'ضروری نہیں کہ آپ خود کو مکمل طور پر نئے طرز میں ڈھال لیں جب تک کہ آپ خود ایسا نہ کرنا چاہتے ہوں۔ ایسے بھی مواقع ہوں گے جب آپ کو ان چیزوں کی ضرورت ہو گی۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
2: ایک روشن لیمپ
انٹیریئر ڈیزائنر شیلی میتھیوز کہتی ہیں کہ ایک بے جان سے ہاسٹل کے کمرے کو بہتر روشنی سے فوراً جاندار بنایا جا سکتا ہے۔
'امکان یہ ہے کہ آپ کے رہنے کی جگہ بہت چھوٹی اور کچھ اندھیری سی ہو۔ اس لیے پہلا کام یہ ہونا چاہیے کہ روشنی زیادہ اور ہلکی پھلکی سی ہو۔'
'اپنے کمرے میں زیادہ روشنی ہونا فوراً فرق پیدا کرتا ہے اور آپ کے کمرے میں جان ڈال دیتا ہے۔'
اس کے علاوہ اُن کا مشورہ ہے کہ آپ اپنے کمرے کو ایک مخصوص طرز پر سجائیں۔
'کوئی ایک سٹائل یا تھیم یا کلر سکیم منتخب کریں اور اسی کا استعمال کریں۔ اس سے آپ کو ایک نہایت پرسکون ماحول ملے گا، اس کے برعکس کہ اگر آپ بہت سی سستی چیزوں سے اپنا کمرہ بھر لیں۔'
اس کے علاوہ وہ کہتی ہیں کہ اپنے ساتھ غالیچے، تکیے اور کمبل بھی اُن ہی رنگوں کے حساب سے لائیں مگر مختلف نقش و نگار اور رنگ کی گہرائی کے ساتھ، جس سے آپ کے کمرے میں دلکشی پیدا ہوگی۔
اور جو فرنیچر مشترکہ استعمال کا ہو اس کے لیے اپنے ساتھ شوخ رنگ کے تکیے اور چادریں لائیں جس سے پرانے فرنیچر میں بھی جان پڑ سکتی ہے۔
3: پودے
ہو سکتا ہے کہ پودوں کا سُن کر آپ کہیں کہ ان کا خیال کون رکھے گا، لیکن سستے اور ہلکے پھلکے پودوں کا رجحان آج کل کافی زیادہ ہے۔
نہ صرف یہ کہ ان سے آپ کے کمرے میں تر و تازگی کا احساس ہوتا ہے بلکہ آپ کا اپنا موڈ بھی بہتر ہوتا ہے۔
ذہنی صحت کی ایک فلاحی تنظیم 'مائنڈ' کے سٹیفن بکلے طلبہ کے لیے ذہنی صحت کا ایک کلب چلاتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ 'گھر میں پودے رکھ کر اپنے آپ کو قدرت سے قریب رکھنا بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔'
'چھوٹے چھوٹے کام مثلاً اپنے پودوں کو پانی دینے سے کچھ حاصل کر لینے جیسا احساس پیدا ہوتا ہے جس سے موڈ میں بہتری آتی ہے۔
وہ تجویز دیتے ہیں کہ اپنے ساتھ کوئی جرنل یا نوٹ پیڈ بھی لے کر آئیں جس سے آپ اپنی ذہنی کیفیت اور احساسات لکھ سکتے ہیں جس سے بعد میں آپ کو بہتری محسوس ہو گی۔
4: دروازے کا سٹاپر
یہ ایک آزمودہ نسخہ ہے کیونکہ اپنا دروازہ کھلا رکھنے سے آپ سے بات کرنا آسان ہو سکتا ہے۔
سیو دی سٹوڈنٹ نامی ویب سائٹ کے ٹام ایلنگھم کہتے ہیں کہ 'یہ سننے میں عام سی بات لگ سکتی ہے مگر اپنے ساتھ دروازے کا سٹاپر لانا آپ کو نئے دوست بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔'
'اگر آپ کا دروازہ ہمیشہ بند رہے گا، خاص طور پر سامان کھولتے وقت، تو اس کا امکان ہے کہ لوگ آپ کے دروازے سے جھانک کر آپ سے بات چیت نہیں کریں گے۔‘
’اپنا دروازہ کھلا رکھیں تو لوگوں کو دروازہ بجا کر یہ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی کہ آپ موجود ہیں یا نہیں۔‘
5: یخنی کے کیوبز
شاید یہ اپنے ساتھ لے جانے کے لیے سب سے زبردست چیزیں نہ ہو لیکن یخنی کے کیوبز اور کچھ مسالے وہ ہلکی پھلکی اور سستی چیزیں ہیں جن کے ذریعے آپ ہاسٹل کے کسی بھی بے ذائقہ کھانے کو ذائقے دار بنا سکتے ہیں۔
دی سٹوڈنٹ فوڈ پراجیکٹ نامی ویب سائٹ کے بانی ایلکس ہاروے کہتے ہیں: 'طلبہ کو ہمیشہ اس بات پر حیرت ہوتی ہے کہ کسی چیز میں اتنے مصالحے ہوتے ہیں لیکن پھر بھی بے ذائقہ لگتی ہے۔ ایسا اس لیے ہو سکتا ہے کہ اُنھوں نے اس میں نمک یا کوئی سیزننگ نہ ڈالی ہو۔'
اور اگر آپ کو انڈہ ابالنے سے زیادہ کچھ نہیں آتا، تب بھی اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کچھ پکانا لوگوں کو جاننے کے لیے ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔
'آپ سب لوگ مل کر یہ کر سکتے ہیں۔ اس سے دوستی کا تعلق مضبوط ہوتا ہے اور بہت مزہ آتا ہے۔'
اور اپنے ساتھ کیا نہیں لے کر جانا چاہیے؟
کچن کی چیزیں
ایلکس کہتے ہیں کہ 'اپنے ساتھ جتنے کم آلات لے جائیں اتنا ہی اچھا ہے۔'
وہ کہتے ہیں کہ اپنے ساتھ فوڈ پراسیسر وغیرہ جیسی چیزیں لانا کارآمد نہیں کیونکہ وہ آپ نے الماری میں رکھ کر بھول جانی ہوتی ہیں۔
اور اگر کھانے کی کسی ترکیب میں آپ کو ایسی چیزوں کی ضرورت ہو تو اس کے لیے آپ تخلیقی انداز اپنا سکتے ہیں۔
'اگر کسی چیز کو بیلنا ہے تو اس کے خالی شیشے کی بوتل کو استعمال کر سکتے ہیں۔'
اور وہ کہتے ہیں کہ ’ویسے بھی طلبہ کو کھانا پکانے کے لیے اتنی زیادہ چیزوں کی ضرورت نہیں پڑتی۔‘