جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میکینزی سکاٹ نے چار ماہ میں چار ارب ڈالر عطیہ کر دیے

ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میکینزی سکاٹ نے کورونا کی عالمی وبا سے متاثر ہونے والے امریکی شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے 4.2 بلین ڈالر رفاعی اداروں کو عطیہ کر دیے ہیں۔

میکینزی سکاٹ نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ وہ ایسے امریکیوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں جو کورونا کی وبا کے دوران مشکلات کا شکار ہیں۔

سکاٹ کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں اٹھارویں نمبر پر پوتا ہے اور رواں برس ان کی دولت میں 23 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس سے ان کی مجموعی دولت ساٹھ ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ان کی دولت کا بڑا حصہ سابقہ شوہر جیف بیزوس سے طلاق کے بعد طے پانے والے معاہدے کی وجہ سے حاصل ہوا ہے۔

انھوں نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ عالمی وبا امریکیوں کی زندگیوں کو تباہ و برباد کر رہی ہے۔

انھوں نے منگل کے روز شائع ہونے والے اپنے بلاگ میں لکھا کہ انھوں نے 6500 تنظیموں کو پرکھنے کے بعد 380 فلاحی تنظیموں کا انتخاب کیا ہے جنھیں انھوں نے عطیات دیے ہیں۔

انھوں نے لکھا کہ معاشی اور صحت کے مسائل نے عورتوں اور غیر سفید فام لوگوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

مکینزی سکاٹ نے رواں برس جولائی میں 116 فلاحی اداروں کو 1.7بلین ڈالر کے عطیات دیے تھے اس طرح انھوں نے رواں برس تقریباً چھ بلین ڈالر عطیہ کیے ہیں۔

انھوں نے عطیات ایسے اداروں کو دیے ہیں جو ایسے علاقوں میں کام کر رہے ہیں جہاں غربت زیادہ ہے اور وہاں لوگوں کو نسلی ناہمواری اور خوراک کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

مکینزی سکاٹ نے پچھلے برس عہد کیا تھا کہ وہ اپنی دولت کا زیادہ حصہ عطیات میں دے دیں گیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس ’غیر متناسب‘ دولت ہے ۔

خیراتی ماہرین نے مسز بیزوس کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے عہد کو پورا کر دکھایا ہے۔

میکینزی سکاٹ نے کہا ہے کہ انھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ہزاروں تنظیموں کے بارے میں تحقیقات کیں اور سینکڑوں ای میلز اور مختلف طبقات کو مطلوب اشیا کے حوالے سے ہزار صفحات کا مطالعہ کرنے کے بعد مختلف اداروں کو عطیات دینے کا فیصلہ کیا۔

بیزوس کے بلین

ایمازون کے مالک جیف بیزوس رفاعی کاموں میں مصروف ہیں اور انھوں نے 10 ارب ڈالر ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مختلف کاموں کے لیے مختص کیے ہیں۔

جیف بیزوس نے پچھلے ماہ، نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایسے گروپوں کو 800 ملین ڈالر کی رقم دے رہے ہیں جو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام میں مصروف ہیں۔

رواں برس جیف بیزوس کی دولت میں 70 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا جس سے ان کی مجموعی دولت 185 بلین ڈالر ہو گئی ہے۔

عالمی وبا کے دوران آن لائن شاپنگ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ سوئٹر لینڈ کے بینک یو ایس بی نے کہا کہ یہ سال ارب پتی جیف بیزوس کے لیے بہت اچھا رہا ہے۔

بڑے بڑے عطیات

عالمی وبا کے دور میں امیر لوگوں نے بڑے بڑے عطیات کا اعلانات کیے ہیں ۔ عطیات کا اعلان کرنے والوں میں کاروباری حضرات کے علاوہ فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات اور مشہور کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی نے اپریل میں اعلان کیا کہ وہ اپنی مجموعی دولت 3.9 بلین ڈالر میں سے ایک بلین ڈالر عالمی وبا کے دوارن امدادی کاموں کو منتقل کر رہے ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مالک بل گیٹس اور ان کی بیوی میلنڈا گیٹس نے 305 ملین ڈالر ویکسین کی تیاری اور علاج کے لیے مختص کیے ہیں۔ اسی طرح ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے رولنگ نے بے گھر افراد اور وبا کے دوران گھریلو تشدد کا شکار افراد کی مدد کے لیے ایک ملین پاونڈ کی رقم عطیہ کی ہے۔

اسی طرح فیس بک کے مالک مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلیا چن نے ’امریکی انتخابات کے تحفظ‘ کے لیے 300 ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔ ان کی عطیہ کی ہوئی رقم کا بڑا حصہ غیر منافع بخش تنظیم ’سینٹر فار ٹیک اینڈ سِوک لائف‘ کو گئی جنھوں نے امریکہ کے صدارتی انتخابات کا انعقاد کرنے والے ورکروں کو ذاتی حفاظت کے لیے آلات دیے۔

اسی طرح رواں برس جون میں باسکٹ بال کے مشہور کھلاڑی مائیکل جارڈن نے نسلی امتیاز کے خلاف کام کرنے والی تنظیم بلیک لائف میٹرز کو 100 ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔