ٹائم میگزین کی ’کڈ آف دی ایئر‘ گیتانجلی راؤ دنیا کے مسائل حل کرنا چاہتی ہیں

ٹائم میگزین کی طرف سے ’کِڈ آف دی ایئر‘ کا پہلا خطاب جیتنے والی نو عمر سائنسدان اور موجد نے کہا ہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ دوسرے ان سے متاثر ہو کر دنیا کے مسائل حل کرنے کے خیالات سامنے لے کر آئیں گے۔

15 سالہ گیتانجلی راؤ نے آلات تیار کیے ہیں جن میں ایک ایسی ایجاد بھی شامل ہے جو پینے کے پانی میں سیسہ کی نشاندہی کر سکتی ہے، اور ایسی ایپ بنائی ہے جو ’سائبر بلیئنگ‘ کا سراغ لگا سکتی ہے۔

اس اعزاز کے لیے انھیں 8 سے 16 سال کے 5000 امریکی بچوں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انھوں نے کہا کہ ’اگر میں یہ کر سکتی ہوں تو آپ بھی یہ کر سکتے ہیں اور کوئی بھی یہ کرسکتا ہے۔‘

ٹائم میگزین کے لیے ایک انٹرویو میں جو اداکارہ اور فلاحی کام کرنے والی انجلینا جولی نے کیا، گیتانجلی راؤ نے کہا کہ وہ ’عام طور پر نظر آنے والے سائنسدان‘ کی طرح نہیں لگتیں۔

انھوں نے کہا کہ ’میں ٹی وی پر جو کچھ بھی دیکھتی ہوں وہ یہ ہے کہ کوئی بڑی عمر اور عام طور پر سفید فام شخص سائنسدان ہوتا ہے۔‘

’میرا مقصد اب بدل گیا ہے اور یہ نہ صرف دنیا کے مسائل حل کرنے کے لیے خود آلات تیار کرنا ہے بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دینا ہے۔ کیوں کہ میرے ذاتی تجربے کے مطابق جب آپ کو اپنے جیسا کوئی اور نظر نہیں آتا تو یہ اتنا آسان نہیں ہوتا۔‘

امریکی ریاست کولوراڈو سے تعلق رکھنے والی گیتانجلی راؤ نے کہا کہ بہت سارے مسائل ہیں جنھیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے ٹائم میگزین کو بتایا کہ ’ہماری نسل کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں پرانے مسائل کا سامنا بھی ہے جو اب تک موجود ہیں۔‘

’جس طرح کہ، ہم یہاں ایک نئی عالمی وبا کے بیچ میں بیٹھے ہیں، اور ابھی تک ہم انسانی حقوق کے مسائل کا سامنا بھی کر رہے ہیں۔ ایسے مسائل ہیں جن کو ہم نے پیدا نہیں کیا لیکن اب ہمیں انھیں ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کرنا ہے، جیسے موسمیاتی تبدیلی اور سائبر بلیئنگ۔‘

ٹائم ایوارڈ گیتانجلی راؤ کے لیے ایک تازہ ترین اعزاز ضرور ہے لیکن پہلا نہیں۔

اس سے قبل انھیں امریکہ کا اعلیٰ ترین نوجوان سائنسدان نامزد کیا گیا تھا۔ انھیں یہ اعزاز سیسہ سے آلودہ پانی کا فوری پتہ لگانے کے لیے کم لاگت والا ٹیسٹ ایجاد کرنے پر دیا گیا تھا۔

ٹائم میگزین نے 1927 میں ’مین آف دی ایئر‘ کا اعلان کرنا شروع کیا تھا اور اس کے بعد اسے ’پرسن آف دی ایئر‘ میں بدل دیا تھا۔

گذشتہ سال سویڈن سے تعلق رکھنے والی سکول کی طالبہ گریٹا تھنبرگ کو ماحویاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں کو عالمی سطح پر تحریک دینے پر یہ خطاب دیا گیا تھا۔ وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت ہیں۔

ٹائم میگزین اگلے ہفتے اپنے ’2020 پرسن آف دی ایئر‘ کا اعلان کرے گا۔