آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
آسٹریلوی شخص نے بیوی کو بچانے کی خاطر شارک کو مُکے جڑ دیے
آسٹریلیا میں ایک شخص نے اپنے سرف بورڈ سے چھلانگ لگا کر اپنی بیوی پر حملہ کرنے والی شارک کو لگاتار اتنے مکے مارے کہ وہ وہاں سے بھاگ گئی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 35 سالہ چینٹیلے ڈوئیل نیو ساؤتھ ویلز میں شیلی بیچ پر سرفنگ کر رہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔
ان کے شوہر نے اس وقت تک شارک کو مکے مارے جب تک اس نے انھیں چھوڑ نہیں دیا۔ اس کے بعد انھوں نے اپنے اہلیہ کو ساحل تک آنے میں مدد کی۔
انھیں دائیں ٹانگ پر شدید زخموں کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈوئل پر ایک تین میٹر لمبے شارک کے بچے نے حملہ کیا تھا۔
سرف لائف سیونگ این ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹیو سٹیون پیئرس نے خاتون کے مارک ریپلی نامی شوہر کی جانب سے فوری ردعمل کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا 'انھوں نے اپنے بورڈ سے شارک پر چھلانگ لگائی اور اپنی بیوی کو آزاد کروانے کے لیے اسے پیٹا اور پھر بیوی کو ساحل تک لے کر آئے۔ یہ تو بالکل ہیرو جیسا کام ہے۔'
ایمبولینس سروس کے انسپیکٹر کے مطابق خاتون کو ساحل پر ابتدائی طبی امداد دے دی گئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حالیہ مہینوں میں ساحلی علاقے میں شارک کا تیسرا حملہ ہے۔
حملے کی شکار ہونے والی خاتون کو نیو کاسل کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں سرجری کے بعد ان کی حالت بہتر ہے۔