آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
حوثی باغیوں کا ’جدید میزائل کے ذریعے‘ سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر گرانے کا دعویٰ
یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ایک جدید نئے میزائل کے ذریعے سعودی عرب کا ایک جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے۔
باغیوں کے زیرِانتظام المسيرہ ٹی وی چینل کے مطابق ہیلی کاپٹر کو جب نشانہ بنایا گیا یب وہ سعودی سرحد کے قریب پرواز کر رہا تھا۔
چینل کے مطابق حملے میں ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے دو ارکان ہلاک ہوگئے۔
حملہ جمعے کی صبح سعودی عرب کے صوبے عسیر کی سرحد کے نزدیک ہوا اور مقامی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ جل کر راکھ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
باغیوں کے ترجمان یحییٰ الصریع کے مطابق: ’یمنی افواج نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک نئے میزائل کے ذریعے ایک اپاچی (ہیلی کاپٹر) کو مار گرایا ہے۔ اس میزائل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کے بارے میں تفصیلات ہم بعد میں دیں گے۔‘
ان کے مطابق باغیوں کے پاس واقعے کی فوٹیج بھی موجود ہے۔
انھوں نے کہا ’ہم ایک بار پھر دہراتے ہیں کہ کسی کو بھی یمن کی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہے اور ہم ایسی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے۔‘
یاد رہے کہ رواں برس حوثی باغیوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ انھوں نے خود ساختہ ایئر ڈیفنس سسٹم تیار کر لیے ہیں۔
پچھلے کئی ماہ سے سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور سرحدی علاقوں اور بندرگاہوں پر جھڑپیں معمول بنتی جا رہی ہیں۔ گذشتہ ماہ یمنی باغیوں نے تین بحری جہازوں کو بھی قبضے میں لے لیا تھا۔
اس سے پہلے 2017 میں فرینڈلی فائر کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر گرنے سے 12 سعودی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
اپاچی ہیلی کاپٹر میں کیا خاص بات ہے؟
بوئنگ کمپنی نے جنوری 1984 میں پہلی مرتبہ اپاچی ہیلی کاپٹر امریکی فوج کے لیے بنائے تھے۔ اب تک کمپنی نے 2200 سے زیادہ اپاچی ہیلی کاپٹر فروخت کیے ہیں۔
کمپنی کے مطابق 16 فٹ اونچے اور 18 فٹ چوڑے اس ہیلی کاپٹر کو اڑانے کے لیے دو پائلٹ درکار ہوتے ہیں۔ اس میں ایک بڑا انجن لگا ہوتا ہے تاکہ اس کے بڑے پر اور پنکھے تیز رفتار میں گھوم سکیں۔
بوئنگ کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق یہ جنگی ہیلی کاپٹر 280 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے اڑ سکتے ہیں۔ 550 کلو میٹر کی پرواز کی حد والے ان ہیلی کاپٹرز میں 16 ٹینک شکن میزائل پھینکنے کی صلاحیت ہے۔ ان کے نیچے نصب بندوق میں گولیوں کے 12000 راؤنڈ بھرے جا سکتے ہیں۔
برطانوی ایئر فورس کے ایک پائلٹ کے مطابق اپاچی ہیلی کاپٹر کو اڑانا ایسا ہے جیسے آپ کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی گاڑی کی چھت پر باندھ دیا گیا ہو۔