گذشتہ ہفتے کا پاکستان تصاویر میں

سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن روانگی سے لے کر لاہور کی سموگ پر عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ، پاکستان میں گذشتہ ہفتے پیش آنے والے اہم واقعات کی تصویری جھلکیاں۔

لاہور سموگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنانسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شہر لاہور کے ہر شہری کی صحت کو سموگ یا گرد آلود زہریلی دھند سے خطرہ لاحق ہے۔ جمعرات کو ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے کہا گیا کہ اس بیان کا مقصد تنظیم کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے حامیوں کو لاہور کی آبادی کے لیے ایک مہم چلانے پر آمادہ کرنا ہے تاکہ شہر میں انتہائی نقصان دہ ہوا اور فضائی آلودگی کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی بڑھائی جا سکے۔
نواز شریف روانگی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنگذشتہ ہفتے سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے برطانیہ روانہ ہوئے تھے۔ عدالت کی جانب سے حکومت کی انڈیمنیٹی بانڈ کی شرط ختم کر کے نواز شریف کی واپسی کو ڈاکٹروں کی سفارش سے مشروط کر دیا گیا تھا۔ نواز شریف کے ساتھ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف بھی لندن میں ہیں۔
عمران خان

،تصویر کا ذریعہAPP

،تصویر کا کیپشنوزیراعظم عمران خان نے جمعے کو میانوالی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کی لندن روانگی اور ان کی میڈیکل رپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ’تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔‘ عمران خان نے سوال کیا کہ ’کیا جہاز دیکھ کر مریض ٹھیک ہوگیا۔۔۔ رپورٹ میں تو کہا گیا تھا کہ مریض کا اتنا برا حال ہے کہ کسی بھی وقت مر سکتا ہے۔‘
برسبین ٹیسٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف برسبین میں پہلا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور پانچ رنز سے جیت لیا ہے۔ بابر اعظم کی سنچری بھی پاکستان کو اس شکست سے نہ بچا سکی۔ دوسری اننگز میں ٹیم 335 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں 185 کے سکور کی وجہ سے مارنس لابوشین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر سے کھیلا جائے گا۔
مچھلی منڈی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان میں سردیوں کی آمد کے ساتھ مچھلی کے کاروبار کے مناظر۔۔۔ سندھ کے ساحلی شہر کراچی کی ایک مقامی منڈی میں لوگ مچھلی برآمد کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
اسد عمر

،تصویر کا ذریعہAPP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے وفاقی وزیر برائے پلاننگ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہے اور پاکستان امریکہ اور چین کے درمیان کسی کشمکش کا حصہ نہیں بنے گا۔ اس سے قبل امریکی سفارت ایلس ویلز نے کہا تھا کہ چین اس وقت دنیا میں قرضے دینے والا سب سے بڑا ملک ہے تاہم یہ قرضے دینے کی اپنی شرائط کو شائع نہیں کرتا جس کی وجہ سے پاکستانیوں کو سی پیک کے حوالے سے چینی سرمایہ کاری پر سوالات اٹھانے چاہیے۔