تھائی لینڈ کے بادشاہ نے اپنی سکیورٹی گارڈ سے شادی کر لی

تھائی لینڈ

،تصویر کا ذریعہReuters

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے اپنی ذاتی سکیورٹی کی ڈپٹی ہیڈ سے شادی کر کے انھیں ملکہ کا درجہ دے دیا ہے۔ اس کا اعلان شاہی بیان میں کیا گیا ہے۔

یہ غیر متوقع اعلان سنیچر کے روز تھائی بادشاہ کی روایتی تاج پوشی کی تقریبات سے قبل کیا گیا۔ 66 سالہ بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن سنہ 2016 میں اپنے والد کی وفات کے بعد تھائی لینڈ کے آئینی بادشاہ بنے تھے۔

انھوں نے پہلے بھی تین شادیاں کیں جو کہ ختم ہو چکی ہیں اور ان کے سات بچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے!

شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بادشاہ وجیرالونگ کورن نے اپنی ذاتی سکیورٹی گارڈ جنرل سوتھدا وجیرالونگ کورن نا ایودھیا کو شاہی ملکہ کا درجہ دے دیا ہے اور وہ اب تمام شاہی اعزازات کے ساتھ شاہی خاندان کا حصہ ہیں۔‘

ملکہ سوتھدا کا بادشاہ وجیرالونگ کورن کے ساتھ پرانا تعلق ہے اور کئی سال تک ان کو عوام میں بادشاہ کے ساتھ دیکھا گیا ہے، اگرچہ ان کے رشتے کو پہلے کبھی بھی سرکاری طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ

،تصویر کا ذریعہEUROPEAN PHOTOPRESS AGENCY

،تصویر کا کیپشنتھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر نشر کی جانے والی فوٹیج میں بادشاہ کو ملکہ سوتھدا کے سر پر مقدس پانی ڈالتے دکھایا گیا

شادی کی تقریب کی فوٹیج کو بدھ کے روز تھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر نشر کیا گیا، جس میں شاہی خاندان اور محل کے دیگر مشیر بھی تقریب میں شامل دکھائی دیے.

تھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر نشر کی جانے والی فوٹیج میں بادشاہ کو ملکہ سوتھدا کے سر پر مقدس پانی ڈالتے دکھایا گیا جس کے بعد جوڑے کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرتے بھی دیکھایا گیا۔

سنہ 2014 میں تھائی بادشاہ وجیرالونگ کورن نے فضائی کمپنی تھائی ایئرویز کی سابق فضائی میزبان سوتھدا تڈجائے کو اپنے ذاتی گارڈز کے یونٹ کی ڈپٹی کمانڈر تعینات کیا تھا۔ جبکہ دسمبر 2016 میں انھیں تھائی فوج میں جرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

سابق تھائی بادشاہ بھومبول ایڈلیڈجج نے تھائی لینڈ پر 70 برس بادشاہت کی جو کہ پوری دنیا میں کسی حکمرانی کا سب سے طویل عرصہ ہے اور ان کا انتقال سنہ 2016 میں ہوا تھا۔