آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹرمپ: گٹھ جوڑ سے کیا گیا فریب اپنے انجام کو پہنچا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سیاسی مخالفین پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے خصوصی مشیر رابرٹ ملر کی جانب سے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کے بارے میں تحقیقات کو غیرقانونی طریقے سے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کے لیے استعمال کیا۔
تحقیقات ختم ہونے کے بعد جمعرات کی شب ریاست مشیگن میں اپنی پہلی سیاسی ریلی میں اپنے ہزاروں حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جو کہتے تھے کہ یہ گٹھ جوڑ سے کیا گیا فریب ہے وہ اب ثابت ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’تین برس تک جھوٹ، بہتان تراشی اور الزامات کے بعد روس کے نام دیا دیا گیا جھانسہ آخرِ کار ختم ہو گیا ہے۔ یہ گٹھ جوڑ سے پیش کیا گیا فریب اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔‘
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات میں خصوصی مشیر رابرٹ ملر کی جانب سے امریکی کانگریس میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے خلاصے کے مطابق ٹرمپ کی صدارتی مہم میں روسی گٹھ جوڑ کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیے!
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے معاملے میں بری نہیں کیا سکتا اور نہ ہی اس میں صدر کو بےگناہ قرار دیا گیا ہے۔
90 منٹ کی تقریر میں صدر ٹرمپ نے اپنی حریف جماعت ڈیموکریٹس پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جو تحقیقات کی حمایت کرتے تھے وہ دراصل انتخابی نتائج کو بدلنے اور غیر قانونی طریقے سے اقتدار میں آنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ یہ تحقیقات ’انتخاب ہارنے والوں کی جانب سے ایک ایسا منصوبہ تھا جس میں وہ بےگناہ امریکیوں کو پھنسا کر غیرقانونی طریقے سے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس سازش کے لیے ڈیموکریٹس کا احتساب ہونا چاہیے جبکہ انھیں ان الزامات سے مکمل بری قرار دیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ رابرٹ ملر کی رپورٹ کا خلاصہ اٹارنی جنرل ولیم بار نے کانگریس کے لیے تیار کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے جو اس انکوائری کو ابتدا سے ہی الزام تراشی قرار دے رہے تھے، اتوار کو یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ ملک کو اس سب سے گزرنا پڑا۔
انھوں نے کہا تھا کہ یہ تفتیش غیر قانونی تھی جو ناکام ہو گئی۔