صدر ٹرمپ خود کو معاف کرنے کا اختیار رکھتے ہیں: ٹرمپ وکیل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 'شاید' اپنے آپ کو معاف کرنے کا اختیار رکھتے ہیں لیکن وہ ایسا کریں گے نہیں۔

واضح رہے کہ خصوصی کونسل رابرٹ مولر امریکہ کےصدراتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب میں روس کے مبینہ طور پر اثرانداز ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے چلے آئے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا اپنے آپ کو معاف کرنے کا سوال اس وقت سامنے آیا جب نیویارک ٹائمز میں صدر ٹرمپ کا وہ خط شائع ہوا جو انھوں نے خصوصی کونسل کو لکھا۔ اس خط میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ان کو ملک کے قانونی سربراہ ہونے کے ناطے کسی بھی تحقیق کو ختم کرنے اور معاف کرنے کی طاقت کو بھی استعمال کرنے کا اختیار ہے۔

صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم کا یہ موقف ہے کہ ان اختیارات کی موجودگی میں صدر ٹرمپ پر انصاف کی راہ میں روکاوٹ ڈالنے کا الزام نہیں لگ سکتا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے یہ بات امریکی چینل اے بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔

انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے پاس معاف کرنے کی طاقت ہے لیکن ان کا اس طرح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

انھوں نے کہا 'میرے خیال میں ایسا کرنے سے سیاسی طور پر انھیں بہت نقصان ہوگا۔ دوسرے لوگوں کو معاف کرنا الگ بات ہے لیکن خود کو معافی دینا ایک دوسرا مسئلہ'

دوسری طرف امریکی چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے ریپلکن پارٹی کے کیون مکارتھی نے کہا کہ کسی بھی صدر کو خود کو معاف نہیں کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ سپشل کونسل یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا ٹرمپ کی انتخابی مہم میں روس کی ساز باز شامل تھی تاکہ انتخابات پر اثر انداز ہوا جا سکے۔ اس الزام کی ٹرمپ اور روس دونوں تردید کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ تحقیقات کرنے والے اہلکار اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا صدر ٹرمپ نے تحقیقات کی راہ میں رکاوٹیں تو نہیں ڈالیں۔

امریکی انٹیلیجنس پہلے ہی تعین کر چکی ہے کہ ماسکو نے کہ صدارتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔