روس نے مدد کی یا نہیں، ٹرمپ حلفیہ بیان دینے پر تیار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار کہا ہے کہ انتخابات میں روسی مداخلت کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں وہ حلف اٹھا کر سوالات کے جوابات دینے پر تیار ہیں۔

انھوں نے کہا ہے کہ ان کے وکلا کی صلاح کے بعد وہ ’اس کے منتظر ہیں۔‘

تحقیقات کرنے والے اس بات کا اندازہ لگا رہے ہیں کہ آیا ٹرمپ کی انتخابی مہم میں روس کی ساز باز شامل تھی تاکہ انتخابات پر اثر انداز ہوا جا سکے۔ اس الزام کی ٹرمپ اور روس دونوں تردید کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اس کے علاوہ تحقیقات کرنے والے اہلکار اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا صدر ٹرمپ نے تحقیقات کی راہ میں رکاوٹیں تو نہیں ڈالیں۔

امریکی انٹیلیجنس پہلے ہی تعین کر چکی ہے کہ ماسکو نے کوشش ہے کہ صدارتی انتخابات ٹرمپ کے حق میں ہوں۔

امریکی صدر ٹرمپ ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ وہ سوچتے ہیں کہ انٹرویو بعیداز قیاس ہے کیونکہ کوئی خفیہ سازش نہیں ہوئی ہے۔

انھوں نے روسی مداخلت کے حوالے سے تحقیقات کو ’وچ ہنٹ‘ کہا اور ’فریب‘ قرار دیا۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے تذکرہ کیا کہ وہ اعلیٰ تحقیقات کار کی جانب سے حلفاً سوال و جواب کے لیے ’پوری طرح‘ تیار ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’جو کچھ بھی ہو، سازش نہیں ہوئی اور جو کچھ بھی ہے کوئی رکاؤٹ نہیں ہے۔‘

جعمرات کو صدر ٹرمپ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورچ پہچنے ہیں۔

خیال رہے کہ 18 برسوں میں صدر ٹرمپ پہلے امریکی صدر ہوں گے جو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔

اس سے پہلے صدر بل کلنٹن تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

امریکی صدر کے وکلا وزارتِ انصاف کی خصوصی کونسل رابرٹ ملر کی قیادت میں قائم تحقیقاتی ٹیم سے ایک انٹرویو کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔

وہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں صدر ٹرمپ سے سوال و جواب آیا آمنے سامنے ہوں گے، تحریری شکل میں ہوں گے یا دونوں صورتوں میں ہو سکتے ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش کب ہونا ہے اس بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’گذشتہ روز وہ آئندہ دو سے تین ہفتوں کا کہہ رہے تھے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں لگتا ہے کہ رابرٹ مولر منصفانہ طور پر پیش آئیں گے تو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’یہ تو ہمیں آگے چل کر معلوم ہوگا، مجھے امید ہے۔‘

اس سے قبل گذشتہ ہفتے رابرٹ مولر کی تحقیقاتی ٹیم نے امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز سے کئی گھنٹوں تک بات کی۔

ملک کے اعلیٰ ترین پراسیکیوٹر کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے وہ ٹرمپ کابینہ کے پہلے رکن ہوں گے جن سے تحقیقات کی گئیں۔