آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ملائیشیا: مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین منتخب حکمران
ملائیشیا کے انتخابات میں فتح کے بعد سابق وزیراعظم مہاتیر محمد دنیا کے سب سے معمر منتخب حکمران بن گئے ہیں۔۔
92 سالہ مہاتیر محمد نے پندرہ برس پہلے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ تاہم 2016 میں انھوں نے یہ فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ملائیشین پیونائیٹڈ انڈیجنس پارٹی قائم کی تھی۔
حالیہ انتخابات میں حکومتی اتحاد کے خلاف اپوزیشن کے پکاتان ہراپان اتحاد کی سربراہی مہاتیر محمد کے پاس تھی۔
وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد مہاتر محمد نے کہا کہ ان توجہ ملک کی معیشت پر ہو گی۔
یوں مہاتیر محمد نے برسرِاقتدار نجیب رزاق کے باریسن نیشنل اتحاد کو شکست دی ہے۔ یہ اتحاد گذشتہ 60 سالوں سے ملک پر حکومت کر رہا تھا۔
نجیب رزاق پر بدعنوانی اور اقرباپروری کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ عوامی فیصلے کو قبول کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقعے پر مہاتیر محمد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم بدلہ نہیں چاہتے، ہم قانون کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔‘
بعد میں حکومت کے ترجمان نے ملک میں جمعرات اور جمعے کو سرکاری چھٹی کا اعلان کیا۔
جیسے ہی انتخابات کے نتائج واضح ہونے لگے حزب مخالف کے حامی جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
تاہم نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں اقتدار کی منتقلی کے عمل کو بالکل آسان نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ ملک میں کسی ایک جماعت نے اکثریت حاصل نہیں کی ہے اور اب یہ فیصلہ ملک کے بادشاہ کا ہے کہ حکومت کون بنائے گا۔
ملائیشیا کی برسرِاقتدار باریسن نیشنل اتحاد اور اس کی بڑی جماعت دی یونائیٹڈ مالیز نیشنل آرگنائزیشن نے 1957 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے ملکی سیاست پر غالب رہی تھی تاہم حالیہ برسوں کے دوران اس کی مقبولیت میں کمی دیکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں حزب مخالف کو غیر معمولی کامیابی حاصل ہوئی تھی لیکن وہ حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل نہیں کر پائی تھی۔