آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شام کا اسرائیل پر دمشق کے قریب فوجی مرکز پر فضائی حملے کا الزام
شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے دارالحکومت دمشق میں ایک فوجی مرکز پر فضائی حملہ کیا ہے۔
صنعا نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کو شامی فوج نے قصویٰ کے علاقے میں دو اسرائیلی میزائل مار گرائے۔
ابھی تک کسی ہلاکت یا کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم مانیٹرنگ گروپس کا کہنا ہے کہ حکومت کی حامی افواج میں سے پانچ فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے جن میں ایران کے حامی جنگجو بھی شامل ہیں۔
منگل کو ہی فوجی کیمپ پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
مزید پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر بشارالاسد کی حامی افواج میں شامل ایک کمانڈر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ ان حملوں میں شامی فوج کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیرئین آبزرویٹری گروپ کا کہنا ہے کہ اس حملے میں فوجی ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔
گروپ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایران کے پاسدران انقلاب کے ممبران اور شیعہ ملیشیا کے ارکان بھی شامل ہیں۔
ابھی تک اسرائیل نے ان خبروں پر کوئی تبصرہ یا ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم اس نے کہا تھا کہ وہ شام میں ایرانی فوج کی موجودگی کو مورچہ بندی سمجھتا ہے۔
ایران شام کی سات سال سے جاری خانہ جنگی میں شامی حکومت کی مدد کر رہا ہے اور اس کے سینکڑوں فوجی مشیر اور ملیشیا کے ہزاروں ارکان اس وقت شام میں موجود ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ جہاں منگل کو حملہ ہوا وہاں ایران نے فوجی اڈہ بنا رکھا ہے۔
گذشتہ برس بی بی سی نے بھی خفیہ ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ قصویٰ کے قریب ایران نے فوجی اڈہ بنایا ہے جسے شامی فوج استعمال کرتی ہے۔
ایران نے بھی کہا ہے کہ وہ اس حملے کا بدلہ لے گا۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان اس نئے تناو کا آغاز اس وقت ہوا جب اسرائیل نے کہا کہ اس نے شام میں گولان کی پہاڑیوں میں ایران کی معمول سے ہٹ کر نقل حرکت دیکھی ہے۔
جوناتھن کونریکس اسرائیلی فوج کے ترجمان ہیں انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اسرائیل کے خلاف کسی بھی کارروائی کا سخت جواب دیا جائے گا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب اس علاقے کے مکینوں سے کہا گیا کہ وہ زیر قبضہ علاقے میں محفوظ پناہ گاہیں تیار کریں۔
شامی حکومت نے اسرائیلی حملے کے بارے میں اطلاع ایک ایسے وقت دی ہے جب امریکی صدر کی جانب سے ایران کے ساتھ کیے جانے والے جوہری معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یورپی اتحادیوں کے مشورے کے برعکس صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران پر پھر سے معاشی پابندیاں عائد کر دیں گے۔
اسرائیل کے صدر نتن یاہو کا کہنا ہے کہ وہ ’مکمل طور پر ڈیل سے نکلنے کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اس معاہدے کی وجہ سے ایران کی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا تھا۔