آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
یورپی عدالت انصاف کے مطابق فوری طلاق ’غیر قانونی‘ ہے
یورپ کی سب سے بڑی عدالت نے شامی نژاد ایک شخص کو، جس نے اپنی بیوی کو شرعی عدالت کے ذریعے طلاق دی تھی، حکم دیا ہے کہ ان کی طلاق کی جرمنی میں، جہاں وہ اب رہتے ہیں، کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
اس معاملے میں یورپی عدالت انصاف کا یہ پہلا فیصلہ ہے۔
یورپی عدالت انصاف کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کو ریاستی عدالتوں سے باہر دی گئی طلاق کو تسلیم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
بعض مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ مرد ایک ہی وقت میں تین مرتبہ طلاق کہہ کر بیوی کو چھوڑ سکتے ہیں۔
کیس ہے کیا؟
مذکورہ جوڑے نے 1999 میں شام کے شہر حمص میں شادی کی تھی۔ بعد میں وہ جرمنی چلے گئے۔ دونوں شام اور جرمنی کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔
2013 میں شوہر نے شام کی ایک عدالت میں اپنے نمائندے کے ذریعے طلاق بھجوا دی تھی۔ یورپی عدالتِ انصاف نے اسے 'نجی طلاق' قرار دیا۔
بیوی نے اس تحریری طلاق کو تسلیم کر لیا تھا، مگر جب شوہر نے جرمنی میں طلاق کے اندراج کی درخواست دی تو بیوی نے اسے چیلنج کر دیا۔
یورپی عدالت انصاف کا کیا کہنا ہے؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جرمن عدالت نے یہ معاملہ غور کے لیے یورپی عدالتِ انصاف کو بھیج دیا تاکہ وہ یورپی اتحاد کے قوانین کی روشنی میں اس کا جائزہ لے۔
یورپی عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی دوسرے ملک میں دی گئی طلاق کو خود بخود یورپ میں قانونی حیثیت حاصل نہیں ہو جاتی۔
عدالت کے مطابق کسی شرعی عدالت میں یکطرفہ طور پر دی گئی طلاق یورپی ضوابط سے مطابقت نہیں رکھتی لہذا یہ مقدمہ جرمنی میں ملکی قوانین کے مطابق نمٹایا جائے۔
اس معاملے کا فیصلہ اب میونخ کی مقامی عدالت میں کیا جائے گا۔
کئی مسلم سکالر ایک ہی وقت میں تین طلاقوں کو ایک ہی قرار دیتے ہیں اور طلاق کے بارے میں قرآن میں دیے ہوئے طریقے کو اپنانے پر زور دیتے ہیں۔