آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کتے کی تیمار داری کے لیے چھٹی مل گئی
ایک اطالوی خاتون جنھوں نے اپنے بیمار کتے کی دیکھ بھال کے لیے کام سے چھٹی کی تھی اور ان کی تنخواہ روک لی گئی تھی،اب ملک کی ایک عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ وہ کام پر نہ آنے کے باوجود تنخواہ کی حق دار ہیں۔
یہ خاتون ملک کی ایک یونیورسٹی میں پڑھاتی ہیں اور اپنے کتے کی بیماری کے باعث انھوں نے کام سے دو دن چھٹی کی تھی۔
جج نے خاتون کے اس دعوے کو تسلیم کر لیا ہے کہ کتے کی بیماری کے باعث ان کی جانب سے کی جانے والی چھٹی کو یونیورسٹی خاندانی مسئلے یا پھر ذاتی مسئلے کے طور پر دیکھے۔
خاتون کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملک کے قانون کے مطابق اگر پالتو جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو مالک کو جیل کی سزا یا بھاری جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔
اس مقدمے میں پیش ہونے والے وکیل نے فیصلے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم فیصلہ ہے اور یہ پالتو جانوروں کو بطور خاندان کے فرد کے طور پر دیکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مقدمے کے فیصلے سے مستقبل میں دوسروں کو بھی فائدہ ہوگا۔