میکسیکو زلزلہ: پرائمری سکول کے متعدد بچے ہلاک

میکسیکو میں حکومت کا کہنا ہے کہ منگل کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ایک پرائمری سکول کی عمارت منہدم ہونے سے کم ازکم 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 21 بچے بھی شامل ہیں۔

زلزلے کی شدت سات اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی جس میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 225 ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں ملک بھر کی ریاستوں میں بہت تباہی ہوئی ہے۔

ای ایف ای نامی نیوز ایجنسی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ میکسیکو سٹی کے جنوب میں کواپا ڈسٹرکٹ میں قائم اینکوائر ریبسامین نامی پرائمری سکول میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 37 افراد میں 32 بچے شامل ہیں۔

میکسیکو میں خبروں کی ویب سائٹ ریفارما کا کہنا ہے کہ سکول کی عمارت سے اب تک 30 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ 22 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

اب بھی ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

جس وقت زلزلہ آیا اس وقت بہت سے لوگ ایک مشق میں حصہ لے رہے تھے جس میں انھیں یہ تربیت دی جاری تھی کہ زلزلے کی صورت میں انھیں کیا کرنا چاہیے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ملک کے جنوب میں آٹھ اعشاریہ ایک کی شدت سے آنے والے زلزلے میں 90 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن ایموس کا کہنا ہے کہ اگرچہ منگل کو آنے والا زلزلہ بھی اسی علاقے میں آیا تاہم یہ پہلے آنے والے زلزلے سے 30 گنا زیادہ طاقتور تھا۔

میکسیکو کے اخبار ملینیو کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں آرمی اور بحریہ کے پانچ سو افراد اور 200 پولیس افسران سمیت بہت سے رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔

سات اعشاریہ ایک کی شدت کے زلزلے کے بعد میکسیکو سٹی کا ہوائی اڈا بند کر دیا گیا ہے۔ شہر میں عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

تاہم یہ زلزلہ ایک ایسے وقت پر آیا ہے جب ملک میں 32 سال قبل آنے والے ایک شدید زلزلے کی یاد میں ڈرلز کی جا رہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق منگل کو آنے والے زلزلے کی وجہ سے کئی شہروں میں الارم بجے تاہم بہت سے شہریوں نے یہ خیال کیا کہ یہ اس تاریخی زلزلے کی یاد میں بجائے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مورلس ریاست میں 54، میکسیکو سٹی میں 30، پوبلا ریاست میں 26 اور میکسیکو سٹیٹ میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

میکسیکو کے صدر نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ سڑکوں پر نہ نکلیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں خلل پیدا نہ ہو۔

میکسیکو میں حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر سگریٹ نوشی نہ کریں کیونکہ زلزلے کے باعث گیس لائنیں تباہ ہوئی ہیں اور ممکن ہے کہ گیس لیک ہو رہی ہو۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فون کام نہیں کر رہے اور 38 لاکھ افراد بغیر بجلی کے ہیں۔

میکسیکو سٹی کے میئر نے مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 44 جگہوں پر عمارتیں منہدم ہوئی ہیں اور امدادی کام جاری ہے۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل میکسیکو میں آٹھ اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز میکسیکو سٹی کے قریب پوبلا تھا اور اس کی گہرائی صرف 51 کلومیٹر تھی۔

اطلاعات کے مطابق میکسیکو سٹی کے کئی علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔