آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سعودی میڈیا کے مطابق قطری زائرین کے لیے ماہ حج میں سرحد عبور کرنے کی اجازت
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے اعلیٰ حکام نے قطر کے ساتھ سرحد کھولنے کا فیصلے کر لیا ہے تاکہ قطری مسلمان فریضہ حج ادا کر سکیں۔
یہ اعلان سعودی اور قطری حکام کی دو مہینے میں پہلی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب اور اس کے تین حمایتی ممالک نے جون سے قطر پر دہشت گردی کی امداد کرنے کے الزام میں بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
سعودی سرحد کی بندش کی وجہ سے قطر کو ملک میں اشیا خورد نوش منگوانے کے لیے بحری اور فضائی ذرائع استعمال کرنے پڑ رہے ہیں۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قطری حجاج سلویٰ نامی سرحد کو عبور کر کے سعودی عرب میں بغیر کسی اجازت نامے داخل ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں سعودی ہوائی اڈوں سے بھی ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب نے قطری زائرین کو خبردار کیا تھا کہ حج کے لیے آنے کی صورت میں ان پر پابندیاں عائد ہوں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جواب میں قطر نے سعودی عرب پر مذہبی فریضے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا جس کے علاوہ اقوام متحدہ کے نمائندہ برائے مذہبی آزادی نے بھی سعودی اعلان پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
لیکن سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قطری شیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم الثانی سے ملاقات کے بعد ان کے تعلقات کی سردمہری میں کچھ کمی آئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے باوجود قطر اور سعودی عرب اور دیگر حمایت ممالک کے درمیان جاری تنازعے میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی گی۔