آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پیرس: مسجد کے قریب ’ہجوم پر گاڑی چڑھانے کی کوشش‘
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے مسجد کے قریب لوگوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر 30 منٹ (چار بج کر 30 منٹ جی ایم ٹی وقت) پر مضافاتی علاقے کریٹیل میں پیش آیا اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔
بظاہر مسجد کے باہر لگائی گئی رکاوٹوں کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا۔
اس واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہیں لیکن اخبار لی پیرسین کا کہنا ہے کہ وہ شخص ارمینیائی نژاد باشدہ ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ پیرس میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔
خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں یورپ میں کئی ایسے حملوں ہوئے جس میں گاڑی کو ہجوم سے ٹکرایا گیا، ان میں سے بیشتر کی ذمہ داری دولت اسلامیہ کے ساتھ وفاداری ظاہر کرنے والوں نے قبول کی تھی۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرس کے جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں واقع ایک مسجد کی حفاظت کے لئے لگائے گئے بیریئرز اور بل بورڈز کے ساتھ اس شخص نے 4x4 گاڑی مسلسل ٹکرائی تھی۔
جس کے بعد اس نے گاڑی بھگائی تاہم اس کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔
اخبار لی پیرسین کے مطابق وہ شخص منشیات یا الکحل کے نشے میں نہیں تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ فرانس میں نومبر 2015 میں ہونے والے حملوں کے بعد سے ملک میں ہنگامی حالات نافذ ہیں۔ ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔