لندن میں عمارت میں آتشزدگی کے بعد تباہی کے مناظر

لندن کے مغربی علاقے شمالی کینسنگٹن میں ایک 24 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد وہاں پر تباہی کا منظر۔

امدادی کارکنان کا کہنا ہے کہ انھیں اس عمارت کے ملبے میں سے اب کسی اور کے زندہ نکلنے کی امید نہیں ہے۔

واقعے کے روز عینی شاہدین کے مطابق کہ عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کی چیخیں سنی گئی تھیں۔ اب تک اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہے تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہ آگ لیٹیمر روڈ پر واقع گرینفل ٹاور میں منگل کی شب سوا ایک بجے کے قریب لگی اور آگ بجھانے والا عملہ کئی گھنٹے تک اس پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا۔

اس واقعے میں لاپتہ ہونے والوں کے لواحقین نے لوگوں کی تلاش کے لیے پوسٹر لگائے ہیں۔

لندن کے عوام میں سے کچھ لوگ ایک قریبی جگہ جمع ہوئے اور متاثرین کے لیے اشیائے خورد و نوش کے ساتھ ساتھ کپڑے بھی لے کر آئے۔

اس کے علاوہ ایک قریبی دیوار پر لوگوں نے تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کے پیغامات بھی لکھے ہیں۔

لندن پولیس نے متاثرین کے لواحقین کے لیے ایک ہنگامی فون نمبر 08000961233 سیٹ اپ کیا ہے۔