آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سعودی عرب کے شہر قطیف میں ’کار میں دھماکہ‘، دو ہلاک
سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں ایک کار میں دھماکے سے کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ویڈیو میں شہر کے مرکزی علاقے میں ایک گاڑی کو آگ لگتے جبکہ دیگر تصاویر میں گاڑی کے اندر جلی ہوئی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
سعودی عرب کی مقامی ویب سائٹ العریبیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی میں سوار دونوں افراد العوامیہ کے علاقے میں تشدد کے حالیہ واقعات میں مطلوب تھے۔
العریبیہ کے مطابق یہ افراد اس گاڑی کو العوامیہ ہی لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان دونوں افراد کے علاوہ کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کے اطلاع نہیں ہے۔
ایک مقامی رہائشی نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس نے دھماکے کی آواز سنی اور علاقے سے اٹھتا ہوا دھواں دیکھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس شخص کا کہنا تھا کہ سعودی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہے۔
تاحال سعودی حکام کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ تیل سے مالا مال صوبے قطیف میں شیعہ بڑی تعداد میں آباد ہیں اور یہاں ماضی میں سعودی عرب کی سنی بادشاہت کے خلاف کئی احتجاجی تحریکیں دیکھی گئی ہیں۔ قطیف میں اس سے پہلے شدت پسندی کے واقعات میں شیعہ آبادی کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔