’برگر کنگ‘ کے اشتہار سے بیلجیئن شاہی خاندان نالاں

بیلجیئم کے شاہی خاندان کا کہنا ہے کہ انھوں نے فاسٹ فوڈ چین ’برگر کنگ‘ کے اشتہار پر اس کے ساتھ رابطہ کیا ہے جس میں لوگوں کو ملک کے بادشاہ فلپ اور کمپنی کے میسکوٹ میں سے کسی ایک کے انتخاب کی دعوت دی گئی ہے۔

’ہو از دی کنگ ڈاٹ بی ای‘ نامی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے اشتہار میں جن لوگوں نے بادشاہ فلپ کا انتخاب کیا ہے ان سے پوچھا ہے کہ ’کیا آپ کو یقین ہے؟ وہ آپ کے لیے فرائیز نہیں پکا سکیں گے۔‘

شاہی خاندان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بادشادہ کی تصویر کے استعمال کے لیے شاہی خاندان کی منظوری ضروری ہے لیکن ان سے اس بارے میں نہیں پوچھا۔

ویب سائٹ پر بادشاہ فلپ کو ایک کارٹون کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

شاہی ترجمان پیئر ایمینوئل ڈی بوو نے کہا کہ ’ہم یہ اقدام مسترد کرتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب کہ یہ اقدام کاروباری مقاصد کے لیے ہے اس لیے ہم انھیں اس کی اجازت نہیں دیتے۔‘

ویب سائٹ پر اگر کوئی صارف ’برگر کنگ‘ کا انتخاب کرتا تو کوئی پیغام سامنے نہیں آتا لیکن اگر وہ فلپ کا انتخاب کرے تو اس سے دو بار پوچھا جاتا کہ کیا آپ کو واقعی یقین ہے جبکہ دوسری مرتبہ صرف ’نہیں‘ کی آپشن سامنے آتی ہے۔

اس ویب سائٹ پر ووٹنگ 19 جون تک جاری رہے گی۔ برگر کنگ کا کہنا ہے کہ وہ جون کے اختتام پر بیلجیئم پر اپنا پہلا ریستوران کھولیں گے۔

دوسری جانب برگر کنگ کے ایک نمائندے نے خبررساں ادارے ای ایف ای کو بتایا کہ انھیں شاہی خاندان کی جانب سے کوئی پیغام موصول نہیں ہوا۔