’جیرڈ کشنر نے بات چیت کی خفیہ لائن قائم کرنے کی بات کی تھی‘

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے ماسکو کے ساتھ بات چیت کی خفیہ لائن قائم کرنے کے امکانات تلاش کرنے کی کوشش کی تھی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے مبینہ طور پر گذشتہ برس دسمبر میں ایک میٹنگ کے دوران ایک چینل یا راہداری قائم کرنے پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے سینيئر اہلکار جیرڈ کشنر نے تازہ رپورٹ پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

امریکہ کا وفاقی تحقیقی ادارہ ایف بی آئی سنہ 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ممکنہ روسی مداخلت اور ٹرمپ کی انتخابی مہم سے روس کے روابط کے بارے میں تفتیش کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ ایف بی آئی کی جانب سے روس کے ساتھ تعلقات کی وسیع تفتیش میں جیرڈ کشنر بھی تفتیش کے دائرے میں ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ جیرڈ کشنر کے پاس اہم معلومات ہیں، تاہم لازمی نہیں ہے کہ انھوں نے کسی غلطی کا ارتکاب کیا ہو۔

تازہ ترین رپورٹس میں امریکی اہلکاروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جیرڈ کشنر نے امریکہ میں روسی سفیر کی سفارتی سہولیات کا استعمال کرتے ہوئے بیک چینل قائم کرنے کے سلسلے میں موسکو کے سفیر سرگئی کسلیاک سے بات چیت کی تھی۔

امریکی اہلکارں کے مطابق اس بیک چینل کو شام کے معاملات اور دوسری پالیسیوں پر بات چیت کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔

اطلاعات کے مطابق ٹرمپ کے قومی سلامتی کے پہلے مشیر مائیکل فلن نیویارک میں ٹرمپ ٹاور میں منعقدہ میٹنگ میں موجود تھے۔

نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ یہ بیک چینل کبھی قائم نہیں کیا جا سکا۔

واشنگٹن پوسٹ نے پہلے ہی یہ بتا رکھا ہے کہ اس معاملے میں ایف بی آئی کے تفتیش کار جیرڈ کشنر کی کسلیاک اور ماسکو کے ایک بینکر سرگیئی گورکوف کے ساتھ گذشتہ سال ہونی والی ملاقات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جنرل فلن کو رواں برس فروری میں اس وقت مستعفی ہونا پڑا جب یہ بات سامنے آئی کہ انھوں نے انتظامیہ کے دوسرے اہلکاروں کو کسلیاک کے ساتھ اپنے تعلقات کی سطح کے بارے میں گمراہ کیا تھا۔

امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ ماسکو نے گذشتہ برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو رپبلکن رہنما ٹرمپ کے حق میں کرنے کی کوشش کی تھی۔

صدر ٹرمپ نے روس کے متعلق جانچ کو 'امریکہ کی تاریخ میں کسی سیاستدان کے خلاف ہونے والی سب سے بڑی واحد وچ ہنٹ' قرار دیا ہے۔