آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مدینہ میں خود کش حملے کے الزام میں 46 افراد گرفتار
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے گذشتہ برس مدینہ شہر میں خود کش حملے کے الزام میں 46 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار ہونے والے افراد میں زیادہ تر سعودی باشندے ہیں تاہم 14 غیر ملکیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے کہا کہ گرفتار ہونے والے اشخاص میں سے 22 سعودی شہری ہیں جبکہ 14 دیگر افراد کا تعلق پاکستان، یمن، افغانستان، مصر، اردن اور سوڈان سے ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ سیل اب بھی متحرک ہے اور اگر ہمیں مزید کوئی اطلاع ملی تو ہم مزید افراد کو گرفتار کر سکتےہیں۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یہ افراد اس گروہ کے ارکان ہیں جو اس حملے کا ذمہ دار ہے۔
اس حملے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ حالیہ گرفتاریاں کب عمل میں آئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حملوں کے وقت اس کا الزام دولتِ اسلامیہ پر عائد کیا گیا تھا۔ یہ حملہ گذشتہ برس جولائی میں رمضان کے آخری دنوں میں کیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق شام کو مغرب کے وقت ایک شخص مسجد کے قریب پارکنگ کے ذریعے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور جب سکیورٹی گارڈز نے اسے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اس حملے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔
دنیا بھر سے مسلمانوں نے اپنے مقدس ترین مقامات میں سے ایک مسجد نبوی کے قریب ہونے والے اس خودکش حملے کی مذمت کی تھی۔