آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کر کے چین اور اس کے صدر کی توہین کی: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو ایک بار پھر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے میزائل تجربہ کر کے چین اور اس کے صدر کی توہین کی ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا جو کہ لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس میزائل تجربے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا: ’شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کر کے جو ویسے تو ناکام رہا مگر چین اور اس کے صدر کی خواہشات کی توہین کی۔‘
حال ہی میں صدر ٹرمپ نے چینی صدر سے ملاقات کی اور شمالی کوریا کے حوالے سے ان کی ’سخت کوششوں‘ کو سراہا تھا۔
اس سے قبل خبررساں ادارے ہونہاپ نے جنوبی کوریا کی عسکری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا جبکہ خبررساں ادارے روئٹرز نے امریکی حکومت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ تجربہ ناکام رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جنوبی کوریا کے ملٹری چیف آف سٹاف کا کہنا ہے کہ یہ میزائل دارالحکومت پیانگ یانگ کے شمال میں واقع صوبہ جنوبی پیان گین سے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی علی الصبح فائر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاحال میزائل کی قسم کے بارے میں علم ہے جبکہ شمالی کوریا نے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
اس میزائل تجربے کی اطلاع ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند گھنٹے قبل ہی امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے عالمی برادری سے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو ختم کروانے میں مدد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ خطے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کی جانب سے جنگی مشقیں بھی کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوںشمالی کوریا کا ایک میزائل تجربہ مبینہ طور پر ناکام ہوا تھا جس کے بارے میں امریکہ اور جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ میزائل لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا۔
شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں کئی بار میزائل کے تجربات کیے ہیں اور چھٹا جوہری تجربہ کرنے کی بھی دھمکی دے رکھی ہے۔
حال ہی میں امریکہ نے بھی خطے میں ایک جنگی جہاز اور آبدوز کو تعنیات کیا ہے۔ اس نے جنوبی کوریا میں اپنے تھاڈ اینٹی میزائل نظام کو بھی نصب کیا ہے جس سے شمالی کوریا میں شدید غم و غصہ ہے۔